اسلام آباد:وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت کشمیر پریمیئر لیگ (KPL) کے تیسرے سیزن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں لیگ کی تیاریوں، مستقبل کے لائحہ عمل اور کرکٹ آپریشنز کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں KPL کے چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری شہزاد اختر، جنرل مینیجر آپریشنز ملک خرم شہزاد اعوان اسپورٹس اینالسٹ، PCB لیول II کوالیفائیڈ مینیجر کرکٹ آپریشنز تنویر احمد مغل نے شرکت کی۔
شرکاء نے وزیراعظم کو تیسرے سیزن کی تیاریوں، نئے اقدامات اور مجوزہ ٹائم لائن پر مکمل بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں جعلی کرکٹ لیگ، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ مالی فراڈ
اجلاس کے دوران پلیئر ڈویلپمنٹ، ٹیم اسٹرکچر، ڈرافٹ سسٹم، میچ آپریشنز، امپائرنگ، اسکورنگ اور براڈکاسٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ سیزن کو گزشتہ سیزنز سے بہتر بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے۔
شرکاء نے KPL کے آپریشنل سسٹم کو مزید مؤثر بنانے، نوجوان ٹیلنٹ کو زیادہ مواقع فراہم کرنے اور ریاست کے اندر کرکٹ کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تیسرے سیزن کی تیاریوں کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے KPL کو ریاست کا اہم اسپورٹس برانڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے یہ پلیٹ فارم انتہائی مؤثر ہے اور حکومت لیگ کی مکمل سپورٹ جاری رکھے گی۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تیاریوں اور مینجمنٹ میں بہترین معیار کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے ٹاپ 5 کھیل کونسے ہیں ؟ نام سامنے آگئے
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ KPL کا تیسرا سیزن ماضی کے دونوں سیزنز سے زیادہ کامیاب، مضبوط اور شاندار ہوگا، اور ریاست کے نوجوانوں کو کرکٹ کے میدان میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔




