مقبوضہ کشمیر میں کرکٹ کے نام پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ بڑے فراڈ کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین ہیون پریمیئر لیگ (آئی ایچ پی ایل) کے نام سے ایک ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ تاہم، غیر یقینی حالات اور ادائیگیوں میں تاخیر کے باعث ٹورنامنٹ تنازعات کا شکار ہو گیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لیگ انتظامیہ کی جانب سے وعدہ کردہ رقم وقت پر ادا نہ کیے جانے کے باعث ٹورنامنٹ کے کئی مراحل متاثر ہوئے۔ آسٹریلوی کرکٹر شان مارش اور بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، لیکن دونوں کھلاڑیوں نے اس میں حصہ لینے سے انکار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں کو ادائیگی نہ ہونے کے باعث ٹورنامنٹ کو ملتوی کرنا پڑا۔ اس دوران ٹورنامنٹ کی انتظامیہ اور لیگ کے مالکان رقم دیے بغیر راتوں رات غائب ہو گئے۔ اس صورتحال کے باعث ویسٹ انڈیز کے اسٹار بیٹر کرس گیل نے بھی ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر واپس جانے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ون ڈے سریز: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی
ذرائع کے مطابق بخشی اسٹیڈیم میں ابتدائی چند میچز کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے اور کھلاڑیوں سمیت مقامی انتظامیہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ مالی بے ضابطگیوں اور متعلقہ افراد کی ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی:حارث رؤف پردو ون ڈے میچز کھیلنے پر پابندی عائد
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ انڈین ہیون پریمیئر لیگ 25 اکتوبر سے 8 نومبر تک شیڈول تھی، تاہم کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ امپائرز اور ہوٹل مالکان کو بھی ادائیگی نہیں کی گئی۔ اس سے ٹورنامنٹ کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی۔
دوسری جانب، جموں کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن اور جے کے اسپورٹس کونسل کے حکام نے واضح کیا ہے کہ ان کا اس ٹورنامنٹ سے کوئی تعلق نہیں، اور وہ اس معاملے میں کسی بھی سطح پر شامل نہیں تھے۔




