ویرات کوہلی نےسچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

رائے پور :بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

بدھ کو ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی سنچری اسکور کی۔سیریز کے پہلے میچ میں بھی کوہلی نے شاندار سنچری اسکور کی تھی۔

رائے پور میں سیریز کے دوسرے ون ڈے میں کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف 93 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ کوہلی کی ون ڈے کرکٹ میں 53 ویں جبکہ 84 ویں انٹرنیشنل سنچری تھی۔

اس سنچری کے ساتھ ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: گوتم گمبھیر سے اختلافات: کوہلی کا میچ کھیلنے سے انکار

رائے پور میں بنائی گئی سنچری ون ڈے میں نمبر 3 پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے کوہلی کی 46 ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی ویرات اب ایک ہی فارمیٹ میں کسی بھی ایک پوزیشن پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے اوپنر کی حیثیت سے 45 ون ڈے سنچریاں اسکور کی تھیں۔

اس کے علاوہ ویرات نے رائے پور میں سنچری بنا کر 34 مختلف گراؤنڈز پر سنچریاں بنانے کا کارنامہ بھی انجام دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی سینئر کھلاڑیوں اور کوچ کے درمیان ڈریسنگ روم میں کشیدگی،بی سی سی آئی پریشان

اس طرح کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں مختلف مقامات پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا یہ ریکارڈ بھی برابر کیا ۔ٹنڈولکر نے بھی ون ڈے کرکٹ میں 34 مختلف گراؤنڈز پر سنچریاں اسکور کی تھیں۔

واضح رہے کہ کوہلی پہلے ہی سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 49 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔

Scroll to Top