اسلام آباد ریجن کے فاسٹ بولر محمد موسیٰ نے قائداعظم ٹرافی 26-2025 میں ڈبل ہیٹرک کرکے تاریخ رقم کردی۔
قائداعظم ٹرافی کے آخری راؤنڈ میں ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلےگئے میچ میں محمد موسیٰ نے پشاور کیخلاف 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد موسیٰ کی یہ شاندار کارکردگی گزشتہ 10 سال میں قائداعظم ٹرافی کی پہلی ڈبل ہیٹرک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان شاہینز کی تاریخی فتح، صدر، وزیراعظم اور قومی کھلاڑیوں کی مبارک باد
محمد موسیٰ نے پشاور کے خلاف دوسری اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا، اس سے قبل پہلی اننگز میں بھی انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
محمد موسیٰ کی شاندار بولنگ کی بدولت اسلام آباد نے پشاور کے خلاف اننگز اور 77 رنز سے فتح حاصل کی اور قائداعظم ٹرافی میں اپنے سفر کا اختتام بہتر کارکردگی کے ساتھ کیا۔
ادھردفاعی چیمپئن سیالکوٹ نے قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچ روزہ فائنل میں جگہ لی ہے جہاں اس کا مقابلہ کراچی بلوز سے ہو گا۔فائنل یکم دسمبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا۔
پی سی بی کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کے نویں اور آخری راؤنڈ میں بہاولپور نے فیصل آباد کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فائنل تک رسائی کے لیے فیصل آباد اور سیالکوٹ کے درمیان سخت مقابلہ رہا تاہم سیالکوٹ نے 155 پوائنٹس کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی جبکہ فیصل آباد کے 141 پوائنٹس رہے۔
کراچی بلوز پہلے ہی 161 پوائنٹس کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:سعودیہ نے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کی میزبانی کر کے تاریخ رقم کی: محسن نقوی
ٹورنامنٹ میں آخری دو پوزیشنوں پر رہنے والی ٹیمیں بہاولپور اور ایبٹ آباد ریلیگیٹ ہو گئیں۔ مرغزار گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں فیصل آباد نے بہاولپور کو جیت کے لیے 310 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
محمد شہریار نے 92 کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ سیف اللہ بنگش 76، محمد عالمگیر 69 اور محمد سدیس 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈائمنڈ گراؤنڈ میں اسلام آباد نے پشاور کو اننگز اور 77 رنز سے ہرا دیا۔




