پاکستان شاہینز کی تاریخی فتح، صدر، وزیراعظم اور قومی کھلاڑیوں کی مبارک باد

پاکستان شاہینز کی ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں ناقابلِ شکست کارکردگی اور تاریخی ٹائٹل جیت پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دوحہ میں ہونے والے سنسنی خیز فائنل میں پاکستان شاہینز نے بنگلادیش اے کو سپر اوور میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، جس کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں شہباز شریف، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم، قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد رضوان، محمد نواز اور عثمان خان نے پاکستان شاہینز کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔

کھلاڑیوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا، ’آپ کامیابی کے حقدار تھے، آپ نے جیت کے لیے بہت محنت کی، شاندار رائزنگ اسٹارز، اسی طرح آگے بڑھتے رہو‘۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان اے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ینگ شاہینز پاکستان کرکٹ کا روشن مستقبل ہیں، جس جذبے اور شاندار انداز سے شاہینز اے نے کرکٹ کھیلی وہ یقیناً قابل ستائش ہے۔”

یہ بھی پڑھیں: احمددانیال کی شاندار بولنگ:شاہینزکی رائزنگ سٹارزایشیا کپ میں فتح

صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی ٹیم کی فتح کو پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی علامت قرار دیا اور کہا، ’مبارکباد بوائز، آپ پاکستان کرکٹ کا روشن مستقبل ہو۔ سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی حاصل کر کے آپ نے اپنی صلاحیت منوائی‘۔

صوبائی وزیر کھیل پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے بھی پاکستان شاہینز کو تیسری مرتبہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا ٹائٹل جیتنے پر مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے قوم کو ایک انمول تحفہ دیا ہے اور شاہینز کی غیر معمولی مہارت، حوصلہ اور میچ کے دوران ثابت قدمی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے بنگلادیش اے ٹیم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ فائنل میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیم کی جیت اور ٹریوس ہیڈکی سنچری نے کرکٹ آسٹریلیا کو نقصان پہنچایا

واضح رہے کہ فائنل میچ کا اصل مقابلہ برابر ہونے کے بعد فیصلہ کن مرحلہ سپر اوور میں گیا، جہاں پاکستان شاہینز نے انتہائی عمدگی سے کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی مجموعی کارکردگی کو شائقینِ کرکٹ اور ماہرین نے سراہا ہے، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کی یہ کامیابی مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے امید کی نئی کرن سمجھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top