نادرا نے گھر بیٹھے سرٹیفکیٹس بنوانے کی سہولت متعارف کرادی

لاہور : نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کیلئے مختلف اقسام کے سرٹیفکیٹ کا حصول مزید آسان بنا دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یونین کونسل سے پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کے آن لائن اجراء کے حوالے سے نادرا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کی جعلی ویب سائٹ کا انکشاف، تحقیقات کیلئے شکایت جمع

معاہدے کے تحت پنجاب کی یونین کونسلز میں زندگی کے اہم واقعات کا اندراج اور سرٹیفکیٹ کا اجراء نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ممکن ہوگا اور شہری گھر بیٹھے یہ سرٹیفکیٹ بنوا سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق معاہدے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد اور ڈائریکٹر جنرل نادرا لاہور ریجن محترمہ فضہ شاہد نے دستخط کئے۔

اس سے قبل بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت بھی مزید بہتر بنائی گئی تھی اور یہ کارروائی کسی بھی مقررہ قریبی مرکز میں جا کر مکمل کی جا سکتی ہے اس کے علاوہ اس مقصد کیلئے پاک آئی ڈی موبائل ایپ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہری گھر بیٹھے گاڑیاں خریدیں یا بیچیں : نادرا نے نیا طریقہ بتا دیا

نادرا کی اس نئی سہولت کی بدولت شہریوں کیلئے سرٹیفکیٹس کا حصول مزید آسان ہوگیا ہے اور وہ کسی بھی متعلقہ نادرا دفتر جہاں سہولت مراکز قائم ہوں اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

قبل ازیں نادرا نے محدود پیمانے پر یونین کونسل میں نکاح کے آن لائن اندراج کا آغاز کیا تھا جس کا مقصدر شہریوں کے لیے خدمات تک رسائی مزید آسان بنانا تھا۔

Scroll to Top