اسلام آباد:قومی لیبر فورس سروے 2024-25 کے نتائج جاری کردئیے گئے ہیں جس کے مطابق پاکستان میں بیروزگاری کی شرح بڑھ کر7.1 فیصد ہوگئی، سال 2020-21 میں ملک میں بیروزگاری کی شرح 6.3 فیصد تھی۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 سال میں بیروزگاری میں 0.8 فیصد تک اضافہ ہوا اور پاکستان میں اس وقت تقریباً 59 لاکھ افراد بیروزگارہیں۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ 2023 کی مردم شماری کے مطابق ملکی آبادی24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزارہے، پاکستان کی 3.3 فیصد آبادی بیروزگار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی 2030تک 99فیصد کارکنوں کو بیروزگار کرسکتی ہے، ماہرین کی پیشگوئی
لیبر فورس سروے کے مطابق سروسز سیکٹرروزگار کی فراہمی میں ٹاپ پوزیشن پر ہے، روزگار فراہمی میں زرعی شعبہ دوسرے اورصنعتی شعبہ تیسرے نمبرپرہے۔
سروسز سیکٹر میں 3 کروڑ 18 لاکھ 30 ہزار افراد برسر روزگار ہیں اور سروسزسیکٹر میں روزگار کی شرح سب سے زیادہ 41.7 فیصد ہے۔
لیبرسروے میں بتایا گیا ہے کہ زرعی شعبے میں روزگار کی شرح 33.1 فیصد ہے، زراعت کے شعبے میں 2 کروڑ 55 لاکھ 30 ہزار افراد کو روزگار میسر ہے جبکہ صنعتی شعبے میں روزگارکی شرح 25.7 فیصد ہے۔
سروے کے مطابق صنعتی شعبے میں ایک کروڑ 98 لاکھ 60 ہزار افراد برسرروگار ہیں۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں فی کس ماہانہ اوسط اجرت 39 ہزار 42 روپے ہے، گزشتہ 5 سال میں اوسط ماہانہ اجرت میں15 ہزار14 روپے کا اضافہ ہوا۔
سال 2020-21 میں ماہانہ اجرت 24 ہزار28 روپے تھی، مرد حضرات کی ماہانہ اجرت 39 ہزار 302 روپے اور خواتین کی37 ہزار347 ریکارڈ کی گئی۔
سروےکے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران چاروں صوبوں میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیروزگاروں کیلئے خوشخبری،حکومت الیکٹرک رکشے اور لوڈر فراہم کریگی
لیبر فورس سروے میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بیروزگاری کی شرح سب سے زیادہ ہے، خیبر پختونخوا میں بیروزگاری 8.81 فیصد سے بڑھ کر 9.2 فیصد ہوگئی۔
لیبر فورس سروے کے مطابق پنجاب میں بیروزگاری 6.8 فیصد سے بڑھ کر 7.1 فیصد رہی، بلوچستان میں شرح 4.3 فیصد سے بڑھ کر 5.4 فیصد اور سندھ میں یہ شرح 3.9 فیصد سے بڑھ کر 5.1 فیصد ہوگئی۔
لیبر فورس سروے میں بتایا گیا ہے کہ ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے 11.9 فیصد افراد بیروزگار ہیں، 2020-21 میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد میں بیروزگاری کی شرح 12.2 فیصد تھی اور سال 2025 میں گریجویشن کی ڈگری والے 10.9 فیصد افراد بیروزگار ہیں۔
لیبر فورس سروے کے مطابق 2025 میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم رکھنے والے 12.5فیصد افراد کو روزگار نہیں ملا، 8.4 فیصد میٹرک پاس افراد جاب مارکیٹ میں جگہ نہ بنا سکے، میٹرک کی کیٹیگری میں 2020-21 میں بے روزگاری کی شرح 8.6 فیصد تھی۔
میٹرک سے کم تعلیم کے حامل 6 فیصد افراد بھی بیروزگار ہیں، ان پڑھ افراد میں بیروزگاری کی شرح 3.2 فیصد سے بڑھ کر 4.4 فیصد ہوگئی۔




