مسقط : پاکستان کی قومی اسنوکر ٹیم نے آئی بی ایس ایف(IBSF) اسنوکر ورلڈ کپ 2025 میں تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا ۔
فائنل میں پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا، جس میں پاکستانی ٹیم نے 3-2 کے نتیجے سے فتح حاصل کی ۔
قومی ٹیم میں شامل کھلاڑی اسجد اقبال اور محمد آصف نے نہ صرف اپنی تکنیکی مہارت دکھائی بلکہ دباؤ کے لمحات میں بھی شاندار کھیل پیش کیا ۔
فائنل میچ میں انہوں نے ہانگ کانگ کے چاؤ ہون مین اور نیسن وان کو شکست دے کر پاکستان کے لیے عالمی ٹرافی جیت لی ۔
اس جیت نے پاکستانی اسنوکر کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑا دی اور ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ثابت ہوا ۔
واضح رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے فائنل تک پہنچنے کے لیے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
سیمی فائنل میں محمد آصف اور اسجد اقبال کی جوڑی نے بھارت کے پنکج ایڈوانی اور برجیش دامانی کا مقابلہ کرتے ہوئے 3-1 سے فتح حاصل کی تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے اعزاز کا دفاع کرنیوالے محمد آصف ایونٹ سے باہر
جس نے پاکستان کو فائنل میں پہنچنے کا موقع فراہم کیا ۔ اس سے قبل گروپ اسٹیج میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی مہارت کا لوہا منوایا اور مضبوط ٹیموں کو شکست دی ۔
یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے بلکہ اسنوکر کے کھیل میں ملک کی موجودگی اور قابلیت کا بھی ثبوت ہے ۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی محنت ، مستقل مزاجی اور اسپورٹس مین شپ نے انہیں عالمی سطح پر کامیابی دلائی ۔
اس جیت کے بعد اسنوکر کے کھیل کے فروغ اور نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں بھی اضافہ متوقع ہے ۔
پاکستانی شائقین نے اس تاریخی فتح پر خوشی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں کو زبردست سراہا ۔
IBSF سنوکر ورلڈ کپ 2025 میں پاکستان کی یہ فتح یقیناً کھیل کی تاریخ میں ایک یادگار لمحہ ہے ۔



