راولپنڈی: سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کا آغاز آج سے راولپنڈی میں ہو رہا ہے، جہاں افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر تینوں ٹیموں کے کپتان موجود تھے۔ میزبان پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا اور سیریز کے دوران پوری کوشش کریں گے کہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم کے پاس اچھے آل راؤنڈرز موجود ہیں جو مکمل بیٹر اور مکمل بولر ہیں، جو ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا ٹیم کے 2 کھلاڑیوں کی طبیعت خراب، وطن واپس روانہ
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ وہ فائنل تک پہنچنے کی کوشش کریں گے اور پوری ٹیم کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش ہوگی۔ سری لنکن کپتان دسُون شناکا نے بھی کہا کہ ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے ٹیم تیار ہے اور وہ اپنے بہترین کھیل کے ذریعے ٹیم کو کامیابی دلوائیں گے۔
تاہم، سہ ملکی سیریز کے آغاز سے پہلے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی بیماری کے سبب وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ سری لنکن ٹیم کے کپتان چریتھ اسالنکا اور فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو سیریز میں شرکت کے بغیر ہی سری لنکا واپس جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان شاہینز کی بھارت اے کے خلاف فتح پر محسن نقوی کی مبارکباد
اس سیریز میں شائقین کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور تینوں ٹیموں کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں۔ افتتاحی میچ میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان مقابلہ دلچسپ ثابت ہونے کی توقع ہے۔ سیریز کے دوران نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کے ساتھ ساتھ تجربہ کار کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی اہم کردار ادا کرے گی۔




