واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد آج امریکا پہنچ رہے ہیں، اور ہم سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب امریکا سے 48 ایف 35 طیارے خریدنا چاہتا ہے، جن کی مالیت کئی ارب ڈالر بنتی ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، اور وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد کے استقبال کے لیے غیر معمولی تیاریاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں، تھانہ بسمہ خیل کے علاقے میں خودکش دھماکہ
امریکی صدر اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات میں دفاع، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سویلین نیو کلیئر پروگرام پر بات چیت ہوگی۔
سعودی عرب امریکا سے باضابطہ سکیورٹی ضمانت چاہتا ہے، جبکہ امریکی صدر مئی میں سعودی عرب کے دورے کے دوران کیے گئے 600 ارب ڈالر کے سعودی سرمایہ کاری کے وعدے پورا کرنے کی کوشش میں ہیں۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی ایٹمی صلاحیت ختم کردی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے جرائم کا گڑھ بننے والے شہروں میں فوج بھیجنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے بھی ٹاسک فورس بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کے راستے تجارت،پاکستان اور بنگلہ دیشی ایئرلائنز میں تاریخی معاہدہ
یہ اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایف 35 طیاروں کی فروخت سعودی عرب کی جدید دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرے گی، جبکہ ملاقات میں دیگر سیکیورٹی اور اقتصادی امور پر بھی بات ہوگی۔




