آزادکشمیر: بجلی کے استعمال میں اضافہ، محکمہ برقیات کا انتباہ جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ برقیات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ترجمان نے کہا ہے کہ بجلی کے انراخ میں کمی کے بعد بجلی کے استعمال میں بے تحاشا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بجلی کی مجموعی کھپت جو کہ موسم سرما یا گرما میں 350 میگا واٹ تک جاتی تھی وہ رواں سال گرمی کے موسم میں 570 میگا واٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ جو مجموعی استعمال سے تقریبا 40 فیصد زیادہ ہے ۔

اس اضافہ سے بجلی کا نیٹ ورک شدید متاثر ہو رہا ہے۔ جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ موسم گرما ماہ مئی تا اکتو بر آزاد کشمیر بھر میں 5056 ٹرانسفارمر جل گئے جن کی ضروری مرمتی کروا کر دوبارہ تنصیب عمل میں لائی گئی۔

اس کے علاوہ فیڈرز پر بے تحاشا اضافہ کے باعث ان کی Upgradation کرنا پڑی۔ جس کے لیے حکومت آزاد کشمیر نے تقریبا 1.6 ارب روپے مختص کئے۔

اب جبکہ سردی کا موسم شروع ہو چکا ہے مظفر آباد اور پونچھ ڈویژنز میں بجلی کے نظام کو بحال رکھنے کے لیے فوری طور پر 40 کروڑ روپے مہیا کئے جانے کا تخمینہ مرتب کیا گیا ہے تا کہ سردیوں میں آنے والے چیلنجز سے نبٹا جاسکے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بجلی کے 40 فیصد اضافہ کی بڑی وجوہات میں گرمیوں کے موسم میں ائیر کنڈیشنر ز کا بہت زیادہ استعمال ، گھریلو صارفین کا بجلی کے ہیٹر ز کو کھانا پکانے کیلئے استعمال کرنا اور غیر ضروری لائیٹنگ شامل ہیں۔

محکمہ کی جانب سے متعدد بار عوام سے گزارش کی گئی کہ بجلی کے بے تحاشا اور غیر ضروری استعمال میں کمی کی جائے، لیکن کمی کے بجائے بجلی کے استعمال میں مسلسل اضافہ کارجحان دیکھا گیا ہے۔

جس کے باعث الیکٹرک نیٹ ورک شدید متاثر ہو رہا ہے۔ جس سے ٹرانسفارمر اور فیلڈز میں Fault کے علاوہ گریڈ سٹیشن پر بھی شدید دباؤ آ رہا ہے۔ جس بناء پر متعلقہ DISCOS کو مجبوراً لوڈ شیڈنگ کرنا پڑ رہی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بجلی کے نظام کو بحال رکھنے کے لیے رواں سال بھی حکومت آزاد کشمیر نے 1.6 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کم ٹیرف ہونے کے باوجود صارفین کی جانب سے بجلی کے بلات جمع کروانے میں خاطر خواہ بہتری نہیں دیکھی گئی ہے۔

اسطرح بجلی کی چوری اور غیر قانونی استعمال میں بھی کمی نہیں ہوئی، جس بناء پر محکمہ کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایس ڈی جی سے ہم آہنگ پالیسیوں کی طرف جانا ہوگا،ذیشان حیدر

ترجمان نے عوام الناس سے اپیل کی وہ بحیثیت ذمہ دار شہری بجلی کے غیر قانونی اور غیر ضروری استعمال کو ختم کرنے میں محکمہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہر صارف کو بجلی کی ترسیل ممکن ہو سکے۔
اسی طرح بجلی کے بلات کی بروقت ادائیگی اور چوری کی روک تھام کے لیے محکمہ کا ساتھ دیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ دفتر شکایات سے رابطہ کریں۔

سیکرٹری توانائی و آبی وسائل نے جملہ مہتممان، نائب مہتممان اور فیلڈ عملہ کو ہدایت کر رکھی ہے کہ وہ 24/07 ذاتی حیثیت میں یا بذریعہ فون دستیاب رہیں۔

Scroll to Top