اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمارت میں منگل کی صبح گیس سلنڈر پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پوری عمارت لرز اٹھی، جبکہ عدالت کے مختلف حصوں میں موجود عملے اور وکلا میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ سپریم کورٹ کے بیسمنٹ میں قائم کینٹین کے اے سی گیس پلانٹ میں مرمت کے دوران پیش آیا۔ مرمتی عملے کے مطابق سلنڈر میں اچانک گیس جمع ہونے سے زوردار دھماکہ ہوا جس سے قریبی دیواریں اور شیشے ٹوٹ گئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ، رینجرز، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ متاثرہ حصے کو سیل کر کے عمارت کو خالی کرا لیا گیا۔ زخمیوں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد سپریم کورٹ کے احاطے میں دھواں پھیل گیا، جبکہ عملہ، وکلا اور سیکیورٹی اہلکار حفاظتی طور پر عمارت سے باہر نکل آئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعہ گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا، تاہم تفتیشی اداروں نے دیگر امکانات کو بھی مسترد نہیں کیا۔ دھماکے کی شدت سے کینٹین کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک مئیر الیکشن پر دنیا کی نظریں، ظہران ممدانی کی مقبولیت میں اضافہ
حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ماہرین کی ٹیمیں جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کر رہی ہیں تاکہ دھماکے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ سپریم کورٹ انتظامیہ نے مرمت کے تمام جاری کاموں کی فوری سیکیورٹی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیشگوئی
رپورٹ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر سپریم کورٹ کی تمام عدالتی کارروائیاں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں تاکہ حفاظتی اقدامات مکمل کیے جا سکیں۔




