واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ زہران ممدانی نیویارک کے میئر منتخب ہوئے تو ان کے لیے نیو یارک شہرکو وفاقی فنڈز دینا مشکل ہو جائے گا۔
ٹی وی انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا کہ اگر نیویارک کو کوئی کمیونسٹ چلائے گا تو وہاں فنڈ بھیجنا صرف پیسوں کا ضیاع ہوگا۔
ٹرمپ نے زہران ممدانی کا موازنہ سابق میئر بل ڈی بلاسیو سے کیااور کہا کہ بل ڈی بلاسیو ناکام میئر تھا لیکن زہران ممدانی اس سے بھی زیادہ خراب کارکردگی دکھائے گا۔
ٹرمپ نے انٹرویو میں بالواسطہ طور پر اینڈریو کومو کی حمایت بھی کر دی۔ ان کا کہنا تھا اگر انتخاب ایک برے ڈیموکریٹ اور ایک کمیونسٹ کے درمیان ہے تو میں ہمیشہ برے ڈیموکریٹ کو ترجیح دوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک کی میئرشپ کے امیدوارزہران ممدانی کو سابق امریکی صدر کی حمایت مل گئی
یاد رہے کہ نیویارک میئر کا الیکشن آج ہو رہا ہے جس میں زہران ممدانی کا مقابلہ نیویارک کے سابق گورنر اینڈریو کومو اور ری پبلکن حریف رٹیس سے ہے تاہم سروے میں زہران ممدانی کی پوزیشن کو دیگر امیدواروں کی نسبت مستحکم قرار دیا گیا ہے۔
سروے کے مطابق زہران ممدانی کو 44 فیصد، کومو کو 33 فیصد اور سلوا کو 14 فیصد مقبولیت حاصل ہے۔
زُہران ممدانی نے واضح کیا ہےکہ وہ کامیاب ہوئے تو گھروں اور دفاتر کے کرائے منجمد کردیں گے، شہر میں مفت ٹرانسپورٹ ہوگی اور چائلڈ کیئر کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق امریکی صدر باراک اوباما نے زہران ممدانی کوفون کرکے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی اور کہا تھا کہ وہ ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور جیت کی صورت میں مکمل تعاون کرینگے جس پر زہران ممدانی نے انکا شکریہ اداکیا تھاجبکہ پاکستانی کمیونٹی نے بھی زہران کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔




