آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور نے سوشل میڈیا پر بورڈ کے خلاف گردش کرنے والی تنقیدی خبروں کے بعد ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ای مارکنگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، مجاز اتھارٹی نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول 2025 پارٹ اول کے پانچ مضامین — فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، انگریزی اور کمپیوٹر سائنس — کی ای مارکنگ سے متعلق اعتراضات کے پیشِ نظر مارک شدہ جوابی کاپیوں کی مکرر پڑتال (ری چیکنگ) کیلئے سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کو باضابطہ طور پر تجویز ارسال کی ہے۔
اس مقصد کے لیے تینوں ڈویژنز — مظفرآباد، میرپور اور راولاکوٹ — سے ماہرینِ تعلیم پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ کمیٹی میں ہر مضمون سے ایک ایک انتہائی قابل اور تجربہ کار پروفیسر / ماہرِ مضمون شامل کیا جائے گا۔
پریس ریلیز کے مطابق، کمیٹی دو اہم نکات پر کام کرے گی:
1️⃣ E-Marking کے معیار کا مکمل تجزیہ کرنا۔
2️⃣ تمام معاملات پر سفارشات تیار کر کے رپورٹ پیش کرنا۔
کمیٹی کو ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کنٹرولر امتحانات کالجز نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام شفافیت، معیارِ تعلیم میں بہتری، اور طلبہ کے اعتماد کی بحالی کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ امتحانی نظام کو مزید منصفانہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھین:آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری، این ڈی ایم اے کی بڑی پیشگوئی




