اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی و سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں ممکنہ عدم اعتماد کے حوالے سے عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں تفصیلی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر عدم اعتماد کے عمل سے مکمل لاتعلق رہےگی۔
سلمان اکرم راجہ ، سردار عبدالقیوم نیازی اور خواجہ فاروق احمد نے پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب مقبوضہ کشمیر میں بھارت حریت رہنما یاسین ملک کو پھانسی کی سزا دلوانے کی کوشش کر رہا ہے ، بیس کیمپ میں اقتدار کی ریس تحریک آزادی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج جمع کرائے جانے کا امکان
انہوں نے کہاکہ گزشتہ ڈھائی سال سے عمران خان کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارنے والے یہی لوگ دوبارہ چہرے بدل کر مسلط کیے جا رہے ہیں ، پی ٹی آئی ایسے گند میں شامل نہیں ہو گی۔
عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ کھیل بند ہونا چاہیے ، ہائبرڈ نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے ، پی ٹی آئی عوام کیساتھ کھڑی تھی۔ اس کھیل کے دوران عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ معاہدے کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنمائوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی ملی بھگت سے چیف الیکشن کی متنازعہ تقرری عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔
اجلاس میں ممبران اسمبلی حافظ حامد رضا ، دیوان محی الدین ، محمد اقبال کے علاوہ شوکت بسرا ، سینئر نائب صدر میں شفیق جھاگوی ، جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن ، عتیق سخاوت ایڈووکیٹ ، راجہ منصور و دیگر بھی شریک تھے۔




