وادیِ لیپہ (جی ایم بخاری) سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) نے وادی لیپہ کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کرنے کی جانب اہم پیش رفت کر لی ہے۔
ایس سی او نے وادیِ لیپہ کے دور دراز علاقوں کیانی رج اور بیجلدار میں جدید کمیونیکیشن ٹاورز کی تنصیب کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا ہے۔
ایس سی او کی انجینئرنگ ٹیمیں اس وقت وادی لیپہ میں موجود ہیں اور ٹاورز کے لے آؤٹ اور فاؤنڈیشن ورک پر کام تیزی سے جاری ہے۔.
مصدقہ ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں میں ان ٹاورز کی مشینری اور تکنیکی آلات وادی لیپہ پہنچا دیے جائیں گے جس کے بعد تنصیب کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ کا بڑا اقدام،گڑھی دوپٹہ، دھیرکوٹ میں فری لانسنگ ہبز کا افتتاح
ذرائع کے مطابق، ان دو ٹاورز کی تنصیب سے وادی لیپہ کی 90 فیصد سے زائد آبادی کو پہلی مرتبہ مستحکم موبائل اور 4G سروس دستیاب ہو جائے گی جس سے عوام کی دیرینہ محرومی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔
مقامی عوام نے ایس سی او کے اس اقدام کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف رابطے کے ذرائع بہتر ہوں گے بلکہ علاقے میں تعلیم، کاروبار، سیاحت اور ہنگامی صورتحال میں رابطے کے نظام میں بھی انقلابی بہتری آئے گی۔
وادی لیپہ کے عوام کا کہنا ہے کہ ایس سی او نے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنا کر ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دور افتادہ علاقوں کی ترقی اور ڈیجیٹل رابطے کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔




