معروف چینی ٹیکنالوجی کمپنی شاؤمی کا نیا اسمارٹ فون 17 پرو میکس صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جو مسلسل چوتھے ہفتے بھی دنیا کے مقبول ترین اسمارٹ فونز کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی جانب سے جاری کردہ تازہ فہرست میں بتایا گیا ہےکہ شاؤمی 17 پرو میکس نے ایک بار پھر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے اور پسند کیے جانے والے فونز میں اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فون اپنی جدید کیمرہ ٹیکنالوجی، ہائی پرفارمنس چپ سیٹ اور بیٹری لائف کے باعث صارفین میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کر چکا ہے، ویوو ایکس 300 پرو نے نئی انٹری کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے، جب کہ زیڈ ٹی ای نوبیا ریڈ میجک 11 پرو پلس (ZTE Nubia Red Magic 11 Pro+) نے شاندار آغاز کرتے ہوئے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ کا نیا بجٹ فون متعارف ،زبردست فیچرز کم قیمت میں دستیاب
اس کے بعد آنر میجک 8 پرو (Honor Magic 8 Pro) نے چوتھی پوزیشن حاصل کی، جو اس ہفتے فہرست میں نئی انٹری کے طور پر شامل ہوا ہے۔ ایپل کا آئی فون 17 پرو میکس اب پانچویں نمبر پر موجود ہے جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں دو درجے نیچے چلا گیا ہے۔
سام سنگ گلیکسی ایس 25 الٹرا، ون پلس 15 فائیو جی (نئی انٹری) اور شاؤمی 17 پرو فائیو جی بالترتیب چھٹی اور ساتویں پوزیشن پر ہیں۔
اسی طرح اوپو فائنڈ ایکس 9 (نئی انٹری) نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی ہے، اوپو فائنڈ ایکس 9 پرو (نئی انٹری) نویں، اور ویوو ایکس 300 فائیو جی (نئی انٹری) دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔
ماہرین کے مطابق رواں ماہ چینی اسمارٹ فونز کی برتری نمایاں رہی ہے، خاص طور پر ویوو، شاؤمی اور اوپو کے نئے ماڈلز نے عالمی سطح پر ایپل اور سام سنگ جیسے برانڈز کو سخت مقابلہ دیا ہے۔
ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو شاؤمی 17 پرو میکس سال 2025 کا سب سے زیادہ مقبول اسمارٹ فون بن سکتا ہے۔




