راولاکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل)یونین کونسل پاچھیوٹ میں تمام ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ۔۔ عوام شدید مشکلات کا شکار۔۔
عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ اگر تمام سڑکوں پر دو ہفتوں میں کام شروع نہ کیا گیا تو عوام سڑکوں پر نکلنے پرمجبور ہوں گے ۔
تفصیلات کے مطابق یونین کونسل پاچھیوٹ کے عوامی وفد نے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام نہ ہونے خصوصاً KDP اسکیمز میں تاخیر اور ٹھپ کاموں کیخلاف کمشنر پونچھ ڈویژن ، چیف انجینئر شاہرات اور ڈپٹی کمشنر پونچھ سمیت متعلقہ حکام کو باقاعدہ درخواست پیش کر دی ۔
وفد کی قیادت سابق معاونِ خصوصی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار طاہر سلطان اور کونسلر نعیم اختر نے کی، عوامی وفد میں ان کے ہمراہ دلشاد حسین محمد ریاض شفیق انور عتیق الرحمن دانیال جنت عاشق احمد فیاض خادم منصور صادق کیف امین نواز افضل و دیگر شامل تھے
جبکہ درخواستوں پر متعدد شہریوں نے بھی دستخط کر رکھے تھے وفد نے اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہروٹہ کراس تا کھیریاں مانکوٹ، سملان تا گینگن اور بہکاں تا گلیاں پاچھیوٹ سڑکوں کے ترقیاتی منصوبے کئی سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں۔۔
عوامی نمائندوں کا کہنا تھا کہ بعض ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر چلے گئے جس سے عوامی فنڈز ضائع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر فعال ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔۔
تمام التواء شدہ منصوبوں پر فوری طور پر کام بحال کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔اس موقع پر سردار طاہر سلطان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی اور شاہرات کے آفیسران ہوش کے ناخن لیں
متعلقہ ادارے اورحکومت فوری طور پر تمام زیر التواء ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام شروع کریں، ورنہ عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر دو ہفتوں کے اندر کام شروع نہ کیا گیا تو تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکموں پر عائد ہو گی
مزید یہ بھی پڑھیں:مضبوط پاکستان خطے کے امن کیلئے ناگزیر،سٹیک ہولڈرز اپنی ذمہ داری پوری کریں، خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ




