آزادکشمیر:بارش، برفباری کا سلسلہ تھم گیا، پنجاب کے دریائوں کے بہائو میں اضافے کا الرٹ جاری

مظفرآباد/اسلام آباد: آزادکشمیر کے بیشتر علاقوں میں دو روز سے جاری بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہےجس کے بعد موسم صاف اور خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ پنجاب میں بارش کے بعد دیائوں کے بہائو میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق آزادکشمیر کے بیشتر علاقوں میں دو روز سے جاری بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے تاہم وادی جہلم سے ریشیاں کو وادی لیپہ سے ملانے والی شیڑھ گلی سڑک برفباری کے باعث بند ہے۔

پی ڈبلیو ڈی کے فورمین فیصل چک کے مطابق اگر آج مزید بارش یا برفباری نہ ہوئی تو لیپہ ویلی کی یہ اہم شاہراہ آج ہی بحال کردی جائے گی۔

ادھر کوہ مکڑا، پیرچناسی، ریشیاں داوکھن اور دیگر بالائی پہاڑوں پر تازہ برفباری کے باعث سردی کا احساس بڑھنے لگا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

دوسری طرفپروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافےکا الرٹ جاری کردیاہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایاکہ دریائےجہلم میں منگلا اپ اسٹریم میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے جس کے باعث 24 گھنٹوں میں منگلا اپ اسٹریم میں درمیانے درجےکا سیلاب آسکتا ہے۔

دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا اور راوی میں ہیڈ سدھنائی پر نچلے درجے کے سیلاب آگئے۔

ضلع بہاولپور سے بدترین سیلاب تو گزر گیا لیکن تباہی کے انمٹ نقوش چھوڑ گیا۔ سیلابی ریلے سے ہزاروں مکانات گر چکے ہیں، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بر باد ہو گئیں تاہم اب سیلابی پانی میں مچھروں کی بھر مار ہے جو بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔

ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا سے بھی پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے،کچھ نشیبی بستیاں اور علاقے اب تک پانی کی لپیٹ میں ہیں۔

نوراجہ بھٹہ بند میں پڑنے والے تمام 7 شگاف مکمل بند کردئیےگئے، سیلاب سے متاثر ایم 5 موٹروے 25 ویں روز بھی بند ہے۔

اس حوالے سے حکام کا کہنا ہےکہ موٹروےکا 23 کلو میٹر لمبا ٹریک 13 سے زائد مقامات سے متاثر ہوا ہے۔ موٹر وے کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا، متبادل راستوں سے ٹریفک چلائی جارہی ہے۔