وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی عسکری قیادت کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اس بار انجام پہلے سے بھی زیادہ عبرتناک ہوگا۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت کی قیادت اپنی ’’0-6‘‘ کی فیصلہ کن شکست کے بعد کھوئی ہوئی ساکھ واپس حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ایسی شکست کے بعد اگر وہ دوبارہ کوشش کریں گے تو اس بار اسکور پہلے سے بہتر ہوگا۔‘‘
بھارتی فوجی اور سیاسی قیادت کے بیانات اپنی خاک میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ھے۔ اتنی فیصلہ کن شکست کے بعد جس کا سکور 0-6 رہا ھو اگر دوبارہ کوشش کی تو سکور انشاءاللہ پہلے سے کہیں بہتر ھوگا۔ جسطرح بھارت میں عوامی رائے تاریخ کی بد ترین شکست کے بعد حکومت کے خلاف ھوئ اور…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 4, 2025
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو اللہ کے نام پر بنا، ہمارے محافظ اللہ کے سپاہی ہیں، ’’اب کی بار بھارت اپنے ہی طیاروں کے ملبے میں دفن ہوگا، ان شاءاللہ۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے اندر مودی حکومت کے خلاف عوامی دباؤ بڑھ چکا ہے اور اسی دباؤ کے باعث بھارتی قیادت جارحانہ بیانات دے رہی ہے تاکہ اندرونی سیاسی نقصان کو چھپایا جا سکے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی حالیہ بیان بازی دراصل ’’تباہ شدہ ساکھ بحال کرنے کی ناکام کوشش‘‘ ہے۔
یہ بیان ایک روز بعد سامنے آیا جب بھارتی آرمی چیف جنرل اُپندرا دیویدی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت آئندہ کسی بھی تصادم میں ’’عملی نرمی‘‘ نہیں دکھائے گا جیسی اس نے آپریشن سندور کے دوران دکھائی تھی۔
پاکستانی قیادت نے بھارتی فوجی سربراہ کے اس بیان کو ’’اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھی بھارتی قیادت کے ان بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے ریمارکس خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ’’یہ بیانات ممکنہ بھارتی جارحیت کے جواز تراشنے کی کوشش ہو سکتے ہیں۔‘‘
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت اپنی ہی تباہ شدہ فضائیہ کے ملبے اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو فراموش کر بیٹھا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود ’’سرحد پار دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام کا مرکز‘‘ ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، بھارت کے بیانات محض زبانی دھمکیاں ہیں، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور میں زمین سرکنے سے 16 مکانات دھنس گئے، آبادی محفوظ مقامات پر منتقل




