مظفرآباد: وفاقی حکومت، آزادکشمیر حکومت اور ایکشن کمیٹی کے مابین معاہدہ طے پا گیا اورتینوں فریقین نے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مظفر آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت، آزادکشمیر حکومت اور ایکشن کمیٹی کے مابین معاہدہ طے پا گیا اور تینوں فریقین نےت دستخط کردیئے ہیں۔
وفاقی حکومت اور ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے طویل مشاورت کے بعد معاہدہ پر اتفاق کیا آزادکشمیر کےو زراء بھی مذاکرات میں شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ایکشن کمیٹی کے نمائندے ایک بار پھر کوہالہ روانہ ہو گئے جہاں وہ طے پانے والے نکات سے احتجاجی شرکاء کو آگاہ کرنے کیساتھ ہی احتجاج ختم کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔
معاہدہ پاکستان، آزادکشمیر اور جمہوریت کی فتح ہے، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ احسن قبال نے معاہدہ کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا۔ یہ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور جمہوریت کی جیت ہے۔
آزاد کشمیر کے عوام ہمیشہ پاکستان کے قومی موقف کی فرنٹ لائن پر کھڑے رہے ہیں اور ان کی آواز ہمیشہ وزن اور وقعت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں میں عوامی مسائل کے باعث ایک مشکل صورتِ حال پیدا ہوئی، مگر مقامی اور قومی قیادت کی دانائی اور مکالمے کی روح نے اس بحران کو پرامن انداز میں حل کر دیا۔ نہ تشدد کو ہوا ملی، نہ تقسیم ہوئی، بلکہ باہمی احترام کے ساتھ راستہ نکالا گیا۔
یہ معاہدہ کسی ایک فریق کی جیت نہیں بلکہ آزاد کشمیر، پاکستان اور جمہوریت کی فتح ہے۔ یہ ثابت کرتا ہے کہ جب حکومت عوام کی سنتی ہے اور عوام تعمیری انداز میں بات کرتے ہیں تو حل نکل آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ ایکشن کمیٹی نے عوام کی آواز کو بلند کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے ان آوازوں کو سنجیدگی سے سنا۔ ہم نے تصادم کے بجائے مشاورت کو، اور انا کے بجائے یکجہتی کو ترجیح دی۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ان شاء اللہ ہم سب مل کر آزاد کشمیر میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لئے ساتھ ساتھ کام کریں گے۔
یہ امن کی فتح ہے، آزادکشمیر زندہ باد،پاکستان پائندہ باد،طارق فضل چوہدری
وفاقی زیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے مذاکراتی وفد نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی آزادکشمیر کے ساتھ حتمی معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔ تمام سڑکیں کھل گئی ہیں۔یہ امن کی فتح ہے۔آزاد کشمیر زندہ باد،پاکستان پائندہ باد




