شارجہ:دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیپال نے ویسٹ انڈیز کو 90 رنز سے ہرا کر انٹرنیشنل کرکٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا اور 3 میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹ پر 173رنز بنائے۔
نیپال کی جانب سے آصف شیخ نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اُن کے علاوہ سندیپ جورا نے 63 رنز 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: نیپال نے سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ٹی 20میں شکست دےکر تاریخی فتح حاصل کرلی
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین اور کائل میئرز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 83 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 21رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیپال کی جانب سے محمد عادل عالم نے 24 رنز کے عوض 4 اور خوشحال بُھورتل نے 16 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
نیپال کی ٹیم نے نہ صرف ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے بلکہ آئی سی سی کے فل ممبر کی ٹیم کے خلاف پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں بھی کامیاب ہوئی ہے۔




