اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے اگست کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گھریلو بجلی صارفین کو اگست کے بل ادا نہیں کرنے پڑیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے، گھروں اور مال مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں کے گھریلو صارفین کو اگست کے بجلی بل ادا نہیں کرنے ہوں گے جبکہ وفاقی حکومت متاثرین کے بجلی بل اپنے وسائل سے ادا کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو متاثرین اگست کا بجلی بل ادا کر چکے ہیں انہیں رقم واپس کی جائے گی، زرعی، کمرشل اور صنعتی صارفین کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور ان کے بجلی بلوں کی وصولی موخر کر دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سیلاب متاثرین پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری یہ ایک معمولی سی کوشش ہے تاکہ متاثرین کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے، تاہم حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ہر متاثرہ شخص دوبارہ اپنے گھر آباد نہیں ہو جاتا، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اگر میچ ریفری نہ بدلا گیا تو پاکستان کا ایشیا کپ سے بائیکاٹ ہو گا،پی سی بی