(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کے خلاف میچ میں ریفری کے رویے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے مزید میچز نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کر دیا ہے کہ موجودہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ منظور نہ ہوا تو قومی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میچ ریفری کے فیصلے کرکٹ کی اسپرٹ اور آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے خلاف تھے، اسی بنیاد پر باضابطہ شکایت بھی درج کرا دی گئی ہے۔ محسن نقوی کے مطابق پی سی بی نے ایشیا کپ سے اینڈی پائی کرافٹ کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے قطرروانہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے میچ میں ٹاس کے موقع پر ریفری نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا، جس پر پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے سخت اعتراض اٹھایا تھا۔




