راولاکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صابر شہید اسٹیڈیم میں الاقصیٰ کانفرنس کا انعقاد،حماس رہنما سمیت فلسطین کے سفیر نے بھی خصوصی طور پرشرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق صابر شہید اسٹیڈیم راولاکوٹ میں منعقدہ’’ یوم یکجہتی کشمیر و طوفان الااقصیٰ کانفرنس‘‘ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔کانفرنس کے مہمان خصوصی ترجمان حماس رہنما ڈاکٹر خالد قدومی تھے جبکہ صدارت امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف نے کی ۔
کانفرنس میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ظہیر ناجی اور بلال الاسطل نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر صابر شہید اسٹیڈیم بھارت اور اسرائیل مخالف نعروں سے گونج اٹھا ۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کے زیراہتمام نیزہ پیر سیکٹر پرشاندارتقریب،فضا نعروں سے گونج اٹھی
حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ فلسطینیوں کی طرح کشمیریوں کے جذبات بھی بلند ہیں ۔غزہ نے دشمن کو سبق سکھایا ہے اگر ارادہ ہے، ایمان ہے اور عقیدہ ہے توکوئی دشمن بھی شکست کھائے گا چاہے وہ امریکا ہی کیوں نہ ہو۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سعید یوسف نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کی غلطی کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا ہے ۔ فلسطینی اور کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا بازار اب زیادہ دیر تک نہیں رہے گا۔