یوم یکجتی کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے زیر اہتمام نیزہ پیر سیکٹر میں کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں بچوں نے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کر کے لوگوں کے دل جیت لئے۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجتی کے حوالے سے پاک آرمی کے زیر اہتمام آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کے علاقے نیزہ پیر سیکٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سول سوسائٹی ، سیاسی مذہبی شخصیات کے ساتھ عوام علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:سرحدی سالمیت ترجیح، کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑ چکے، 10 مزید بھی لڑنا پڑی تو لڑیں گے ،جنرل عاصم منیر
تقریب کا آغاز کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرنے کے حوالے سے ریلی سے ہوا جو نیزہ چوک سے ہوتی ہوئی مجید گلی پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، ریلی میں طلباء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھام رکھے تھے جس میں بھارت مخالف نعرے درج تھے۔۔
مرکزی تقریب نیزہ پیر چوک میں منعقد ہوئی جہاں بچوں نے ” یوم یکجتی کشمیر” کشمیر بنے گا پاکستان کے موضوع پر تقاریر سے سامعین کو محظوظ کیا جسکے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جامعہ پونچھ حویلی کیمپس خواجہ فاروق احمد تھے۔
کشمیریوں کو سلام پیش کرنے کیلئے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کئے جہاں بچوں نے زبردست انداز میں بھارتی مظالم کا شکار کشمیری بھائیوں کی عکس بندی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:مسئلہ کشمیر پر نتیجہ خیز مذاکرات ہی خطے کے مفاد میں بہترہونگے ،وزیراعظم شہبازشریف
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی خواجہ فاروق احمد نے 7550 فٹ بلندی پر واقع علاقے میں بہترین پروگرام منعقد کروانے پر کمانڈنگ آفیسر کو مبارکباد پیش کی۔ انکا کہنا تھا کہ آج کے دن منانے کا مقصد اقوام عالم کو یہ باور کروانا تھا کہ کشمیری کسی بھی صورت آزادی کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
بھارت جتنے بھی مظالم ڈھا لے وہ کشمیریوں سے آزادی کا حق نہیں چھین سکتا۔ وہ دن دور نہیں جب اس پار اور آس پار کے کشمیری مل کر آزادی کا جشن منائیں گے۔تقریب سے کمانڈنگ آفیسر نے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ انکا کہنا تھا کہ جس انداز سے بچوں نے تقاریر کیں وہ قابل ستائش ہے۔
تقریب کے اختتام پر تقریری موضوع پر پوزیشن ہولڈرز بچوں میں انعامات و شیلڈ بھی تقسیم کیں۔