مظفرآباد/اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزادکشمیر ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس صداقت حسین راجا کو چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر تعینات کردیا گیا یے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم آزادکشمیر کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کو الگ الگ پینل بھجوائے گئے تھے۔
پینلز میں سابق چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس مصطفیٰ مغل، سابق جج ہائیکورٹ اظہر سلیم بابر،سابق چیف جسٹس ہائیکورٹ صداقت حسین راجہ اور سابق بیوروکریٹ فرحت علی میر کے نام شامل تھے۔صداقت حسین راجاکانام دونوں پینل میں شامل تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف نے آزاد کشمیر حکومت کی سمری پر اس پینل میں سے سابق چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ کی بطور چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر کے نام کی منظوری دیدی ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے بطور چیئرمین کشمیر کونسل کسی ایک نام کا انتخاب کرنا تھا جومنظوری کے بعد صدر آزاد جموں و کشمیر کو ایڈوائس ارسال کریں گے اور باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی آئینی تقاضا ہے اور سابق چیف الیکشن کمشنرکی ریٹائرمنٹ کے بعد کئی ماہ سے عہدہ خالی تھا ، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے مابین اس حوالے سے مشاورت کیلئے ایک ملاقات ہی ہوسکی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ جسٹس (ر)صداقت حسین راجا دوماہ قبل ہی ہائیکورٹ سے ریٹائر ہوئے ہیں اور ان کو اب چیف الیکشن کمشنر تعینات کردیا گیا ہے۔ جسٹس (ر)صداقت حسین راجاکا تعلق حلقہ کھاوڑہ مظفرآباد سے ہے۔
پانچ ممالک پاکستان کے کروڑوں ڈالرز کے ڈیفالٹر نکلے، آڈٹ حکام کا بڑا انکشاف