پاکستان نے ایشیا کپ ہاکی کھیلنے سے انکار کر دیا ہے، قومی ہاکی ٹیم سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت نہیں جائے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا، ایشین ہاکی فیڈریشن نے ایشیا ہاکی کپ 2025 کے لیے پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا پلان بنا لیا ہے۔
سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن رانا مجاہد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلے بھی بھارت میں کھیلنے پر تحفظات تھے اور اب بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ہاکی اولمپئنز کا ایشیا کپ بھارت میں کرانے پر اعتراض
اپنے کھلاڑیوں کی جان کا تحفظ سب سے اہم ہے، بھارتی حکومت نے سکیورٹی دینے کی یقین دہانی نہیں کروائی۔
انہوں نے کہا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش کو شامل کرنے پر ہمیں آگاہ نہیں کیا، پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنی حکومت کے فیصلوں کو ماننے کی پابند ہے۔
ایشیا کپ کے بعد بھی پاکستان کے پاس ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کا موقع موجود ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی انتہاء پسند تنظیموں نے پاکستان ہاکی ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں، جس پر پاکستان نے بھارت اور ایشین ہاکی فیڈریشن کو اپنے تحفطات سے اگاہ کر دیا تھا۔
ساتھ ہی حکومتِ پاکستان نے دھمکیوں اور سکیورٹی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے قومی ٹیم کو بھارت میں کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
ایشیاء کپ 2025 میں بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان، چائنیز تائ پےکی ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی، ٹورنامنٹ 27 اگست سے 7 ستمبر تک بھارت کے شہر راجگیر میں شیڈول ہے۔