پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ’کاروانِ بیداری‘ کے نام سے ایک نئی سیاسی و فکری تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہےجس کا باقاعدہ آغاز نئے سال کے شروع میں کیا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس پیش رفت سے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کے مطابق اس تحریک میں کسی ایک جماعت کی قید نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خواجہ سعد رفیق نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں سےسوالات پوچھ لئے
انہوں نے بتایا کہ اب تک مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 125 سے زائد افراد ’کاروانِ بیداری‘ کی باقاعدہ رکنیت اختیار کر چکے ہیں، جبکہ نئے سال کے آغاز پر اسے باضابطہ طور پر لانچ کر دیا جائے گا۔
دوسری طرف خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیاسائٹ فیس بک پروضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں یا میرے رفقا نئی سیاسی جماعت نہیں بنا رہے ہیں ، اس حوالے سے پھیلایا جانیوالاپروپیگنڈا ،خبریں یا تجزیے درست نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار ، اعلیٰ تعلیم یافتہ ٹیکنو کریٹس ، بزنس مین ، قانون دانوں ، ریٹائرڈ سول و فوجی افسران اور نمایاں سیاسی و صحافتی شخصیات پر مشتمل قومی بیداری کی تحریک تشکیل دی جا رہی ہے جو کہ جماعتی دھڑے بندیوں سے بالاتر ہوگی ۔اسے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں کروایا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک کا مقصد مقصد قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں تحقیق ، علم ، غور و فکر ، مکالمے اور کامیاب عالمی تجربات کی روشنی میں سیاسی ، انتخابی ، انتظامی ، عدالتی ، تعلیمی اور ادارہ جاتی اصلاحات تجویز کرنا ہے تاکہ گورننس کے فرسودہ نظام سے نجات پا کر پاکستان آگے بڑھ سکے ۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ سول سوسائٹی کی اس تحریک میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور جماعتی وابستگیوں سے دور ماہرین سب شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت دہشتگرد تنظیم ایکشن کمیٹی کی قیادت کیخلاف فوری آپریشن کرے، شہری
انہوں نے کہا کہ ہمارے قافلے میں شامل ہونیوالے افراد کی سیاسی وابستگیوں پر کوئی پابندی نہیں ، آپ اپنی پسندیدہ جماعت میں رہیں یا کسی بھی جماعت میں نہ ہوں ، البتہ صلے و ستائش کے طلبگار ،جلد باز ، چاپلوس ، انتہا پسند ، غیر جمہوری ، متقم مزاج ، اقتدار کے بھوکے یا کسی بھی کلٹ کے فالوورز ہمارے قافلے کا حصہ نہیں ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک جمہوری ،آئینی ، منصفانہ، پروگریسو ،پر امن ،متحد ،مستحکم ،خوشحال ریاست دیکھنا چاہتے ہیں ، اندورنی قوی تنازعات طاقت کی بجائے مکالمے اور رابطوں کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔




