مظفرآباد ( کشمیر ڈیجٹیل )راولاکوٹ کی صورتحال پر وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے واضح پیغام دے دیا، حکومت عوامی مطالبات کے حل کیلئے تیار ہے مگر امن کے نام پر مسلح جتھوں کی پشت پناہی قبول نہیں کی جا سکتی۔
وزیراعظم نے خبردار کیا ہے کہ راولاکوٹ میں پیدا ہونے والے حالات کے اثرات پورے آزادکشمیر پر مرتب ہو رہے ہیں، اس لیے صورتحال کو ذمہ داری اور سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں :معاشی خوشحالی کے نئے راستے کھولنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی،افتخار گیلانی
حکومت آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن اقدام ،قانونی حدود میں آنے والے مطالبات پر مذاکرات سے گریز نہیں کیا جائے گا،تاہم پُرامن ماحول کی بحالی کیلئے مسلح جتھوں سے خود کو الگ کرنا اور انہیں سیاسی و سماجی حمایت نہ دینا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے حکومت محض مطالبات تک محدود نہیں بلکہ عملی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
کیتھ لیبز، اسٹروک سینٹرز، کشمیر ایکسپریس، سڑکوں کی تعمیر اور سفری سہولیات کے منصوبے اس سلسلے کی کڑی ہیں، جبکہ نوجوانوں کیلئے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع پیدا کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں :میرپور میں بڑی کارروائی، دہشتگردایکشن کمیٹی کااہم رکن طارق محمودگرفتار،اہم انکشافات
افتخار گیلانی نے معاشرتی برداشت اور اخلاقی اقدار کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے کو ذاتی تضحیک اور بے توقیری کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔
۔ نئی نسل کی کردار سازی اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی کے لیے پروگرام شروع کیا جا رہا ہے تاکہ معاشرے میں احترام، رواداری اور مثبت طرزِ فکر کو فروغ دیا جا سکے۔




