کالعدم ایکشن کمیٹی ضد چھوڑ کر پیچھے ہٹے، ثاقب مجید کا دوٹوک پیغام

مظفرآباد کشمیر ڈیجٹیل ) وزیر حکومت راجہ ثاقب مجید نے کہا ہے کہ اب بھی وقت ہے کالعدم ایکشن کمیٹی والے حالات کی سنگینی کو سمجھیں اور پیچھے ہٹ جائیں،ہتھیار ڈال دیں اسی میں بہتری ہے۔

ریاست، عوام اور خطے کے امن کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے احتجاج ختم کرکے مذاکرات اور پُرامن راستہ اختیار کیا جائے۔

ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ بعض ناسمجھ لوگوں کی وجہ سے حالات یہاں تک پہنچے، تاہم اب بھی وقت ہے کہ لوگ سنبھل جائیں اور پیچھے بیٹھیں، حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئی ہے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی ذمہ داری اسی پر عائد ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :عوامی حقوق کے نام پر ریاست میں دہشتگردی،کالعدم ایکشن کمیٹی کا گھنائونا چہرہ بے نقاب

وزیر حکومت نے کہاکہ  اگر منتخب حکومت عوامی مسائل حل نہیں کرے گی تو لوگ ووٹ کی پرچی کے ذریعے اس کا احتساب کرنا بھی جانتے ہیں۔ عوام کے پاس اپنی منتخب حکومت سے جواب طلب کرنے کا جمہوری اختیار موجود ہے۔

ثاقب مجید راجہ  نے بالخصوص راولاکوٹ کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بعض لوگ گزشتہ سات سے آٹھ ماہ سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں، انہیں اب پیچھے ہٹ کر اپنے گھروں کو واپس جانا چاہیے،
انہوں نے اپیل کی کہ امن کے ساتھ بیٹھا جائے اور مزید نقصان سے بچنے کے لیے حالات کو معمول پر لایا جائے۔

ماضی میں پہلے ہی بہت نقصان ہوچکا ہے اور اب مزید تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے آزادی ملی ہے، اس لیے اس آزادی اور ریاستی امن کی قدر کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے عزائم کچھ اور، ان کی ڈور کسی اور کے ہاتھ میں ہے: ثاقب مجید

وزیر حکومت نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ خطہ کس سمت جا رہا ہے۔ ریاست اور عوام کے مفاد میں احتجاجی قیادت کو پیچھے ہٹنا چاہیے اور کشیدگی ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جانی نقصان کی صورت میں نقصان ریاست اور عوام کا ہوگا، اس لیے ضروری ہے کہ مزید نقصان سے پہلے حالات کو سنبھالا جائے اور امن کا راستہ اختیار کیا جائے۔