مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ آزاد جموں و کشمیر سیدہ شگفتہ نورین کاظمی نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات سعدیہ دانش کو پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مقرر ہونے کو خوش آئند قرا دیا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
سیدہ شگفتہ نورین کاظمی اپنے ایک خصوصی بیان میں نے کہا کہ سعدیہ دانش ایک متحرک، باصلاحیت اور پی پی پی کی نظریاتی سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور، نظریات اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چیئرمین ضلع کونسل باغ کے ضمنی انتخاب میں اپ سیٹ، پیپلزپارٹی کا امیدوار کامیاب
ان کا کہنا ہے کہ ان کی مرکزی سطح پر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کی حیثیت سے تقرری نہ صرف ان کی سیاسی صلاحیتوں پر پارٹی قیادت کے اعتماد کا اظہار ہے بلکہ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کی خواتین سیاسی کارکنان کیلئے بھی ایک حوصلہ افزا ءپیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعدیہ دانش نے اپنی سیاسی بصیرت، مسلسل جدوجہد اور تنظیمی صلاحیتوں کے ذریعے پارٹی میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ اُمید ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں بھی اسی جذبے، محنت و لگن کیساتھ سرانجام دیتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے مؤقف، منشور اور عوام دوست پالیسیوں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ خواتین کی سیاسی، جمہوری اور قومی جدوجہد سے عبارت ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کو سیاسی میدان میں آگے بڑھنے، قیادت کرنے اور قومی فیصلوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے نئی راہیں متعین کیں۔ پیپلزپارٹی آج بھی اسی روشن سیاسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
شگفتہ نورین کاظمی نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے سعدیہ دانش کو اہم تنظیمی ذمہ داری سونپنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی میں صلاحیت، محنت، سیاسی وابستگی اور جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ خواتین کی سیاسی نمائندگی اور فیصلہ سازی کے عمل میں شمولیت جمہوریت کے استحکام اور معاشرے کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی اجلاس، آزادحکومت کوٹف ٹائم دینے کافیصلہ
مرکزی سیکرٹری جنرل خواتین ونگ آزاد کشمیر نے اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین رہنماؤں کو قومی اور مرکزی سطح پر اہم ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔ اس سے نہ صرف خواتین کارکنان کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور سیاسی سرگرمیوں کو بھی مزید تقویت ملے گی۔
سیدہ شگفتہ نورین کاظمی نے سعدیہ دانش کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس اُمید کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اتریں گی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سیاسی پیغام کو مزید مؤثر، منظم اور بھرپور انداز میں اجاگر کریں گی۔




