وزیراعظم کا ہنگامی ایکشن،این آئی ایچ کے معاملات پر اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا حکم

اسلام آباد (کشمیر ڈیجٹیل) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے دیرینہ انتظامی، قانونی اور ادارہ جاتی مسائل حل کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

 ملک بھر میں بیماریوں کی بروقت نشاندہی، مؤثر نگرانی اور طبی معلومات کے فوری تبادلے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے صحت کے شعبے میں بہتری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں ادارے کی کارکردگی، درپیش مشکلات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت آزادکشمیر کو100روزہ پلان کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرینگے، وزیراعظم شہبازشریف

اس موقع پر وزیراعظم کو بورڈ آف گورنرز کی جانب سے این آئی ایچ کو درپیش طویل عرصے سے حل طلب ادارہ جاتی مسائل پر بریفنگ دی گئی۔

 وزیراعظم نے  مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قومی اہمیت کے اس ادارے کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ این آئی ایچ بیماریوں کی نگرانی، عوامی صحت کے تحفظ، طبی تحقیق، ویکسینز اور حیاتیاتی مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم قومی ادارہ ہے، جس کا کردار صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل

وزیراعظم نے بیماریوں کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی ممکنہ وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری اور بروقت معلومات کے تبادلے کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، بورڈ آف گورنرز کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔