کینڈا( کشمیر ڈیجٹیل )سائبر سکیورٹی کے شعبے میں ایک بڑی کمپنی پر ہیکنگ حملے کے بعد صارفین کی معلومات کی حفاظت سے متعلق خدشات بڑھ گئے۔
معروف پاس ورڈ مینیجر کمپنی ون پاس ورڈ (1Password) کے بعض صارفین کا ڈیٹا چوری ہوگیا، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کے پاس ورڈز محفوظ رکھنے والے انکرپٹڈ والٹس تک ہیکرز رسائی حاصل نہیں کرسکے۔
کمپنی کے مطابق حملہ آوروں نے ایک ملازم کا گٹ ہب (GitHub) اکاؤنٹ ہائی جیک کرکے کمپنی کے اندرونی سسٹمز تک رسائی حاصل کی اور بیک اینڈ سرورز میں نقصان دہ کوڈ داخل کیا، جس کے نتیجے میں صارفین کے انتظامی ریکارڈز کا ایک حصہ چوری کرلیا گیا۔
ہہ بھی پڑھیں :جے پی مورگن چیس پر بڑا سائبر حملہ، صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے کا اعتراف
ون پاس ورڈ نے جاری بیان میں بتایا کہ 19 نومبر کو ملازم کے گٹ ہب اکاؤنٹ پر غیر مجاز کنٹرول کے شواہد سامنے آنے کے بعد فوری تحقیقات شروع کی گئیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیکرز نے کمپنی کے نظام میں مداخلت کرکے بعض صارفین کے نام، ای میل پتے اور اکاؤنٹس سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔
کمپنی نے تصدیق کی کہ حملہ آور نجی سورس کوڈ کی نقول بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ سافٹ ویئر کی تیاری اور اجرا کے نظام تک رسائی حاصل کرکے وہاں موجود اسناد میں تبدیلیاں کی گئیں۔
واقعے کے بعد متاثرہ نظاموں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان،اٹلی کا ماربل انڈسٹری کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور برآمدات بڑھانے کا فیصلہ
ون پاس ورڈ انتظامیہ کے مطابق صارفین کے محفوظ والٹس میں موجود پاس ورڈز، حساس معلومات اور انکرپٹڈ ڈیٹا تک ہیکرز رسائی حاصل نہیں کرسکے، تاہم چوری ہونے والی دیگر معلومات کو مستقبل میں دھوکا دہی کے لیے استعمال کیے جانے کا خدشہ موجود ہے۔
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر متوقع ای میلز، فون کالز اور پیغامات سے محتاط رہیں، کسی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور اپنی ذاتی معلومات کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر کرنے سے گریز کریں




