ریاست بھر میں کاروبار تباہ ہوچکا،کوٹلی کے تاجرکالعدم ایکشن کمیٹی پر برس پڑے

کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) صدر انجمن تاجران ضلع کوٹلی ملک محمد یعقوب خان کا تاجروں کے ہمراہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

تاجروں نے واضح کیا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے اداروں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کی حمایت نہیں کریں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسمبلی اجلاس:مسلح گروہ ختم ،سنگین جرائم میں ملوث افراد قانون کے سپرد کئے جائیں،قرارداد منظور

تاجروں کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں کے باعث ریاست کا امن و امان متاثرجبکہ اس کے نتیجے میں بچوں کی تعلیم اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل جب وفاقی وزراء امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور رانا ثناء اللہ نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کئے

عوامی مطالبات تسلیم کئے تو اس وقت تک کمیٹی عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی تھی، تاہم اب اس کی حیثیت تبدیل ہو چکی ہے اب تاجر برادری کا اس سے کوئی تعلق نہیں رہا۔

صدر انجمن تاجران ملک محمد یعقوب خان نے کہا کہ انجمن تاجران کا کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ کسی مسلح جتھے کو تسلیم کرتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیراسمبلی:7 شرائط پرعملدرآمد ورنہ کارروائی ہوگی، کالعدم ایکشن کمیٹی کو انتباہ

سیکرٹری جنرل انجمن تاجران سٹی کوٹلی فیصل حسن نے بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ کمیٹی عوام کے بنیادی حقوق کیلئے آواز بلند کر رہی تھی تو تاجر برادری اس کے ساتھ تھی۔

تاہم اب کمیٹی کی موجودہ حیثیت اور سرگرمیوں کے پیش نظر انہوں نے اس سے لاتعلقی اختیار کر لی ہے۔

تاجروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امن و امان کے قیام، کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل اور پاکستان کے اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے۔