میرپور(کشمیر ڈیجیٹل) معروف قانون دان خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے رٹھوعہ ہریام پل کو نقصان سے بچانے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے ڈپٹی کمشنر میرپور کو تحریری درخواست جمع کرا دی ۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہریام پل پر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت، غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہریام پل میرپور کے عوام کیلئے ایک اہم سہولت اور خطے کا قیمتی اثاثہ ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:احتجاج کے نام پر شرپسندی قبول نہیں، راولاکوٹ کو کالعدم تنظیم کے جتھے سے پاک کیا جائے، شہری
جس کی بدولت نہ صرف سفری فاصلے کم ہوئے بلکہ آزاد کشمیر بھر کے لوگوں کو آمدورفت میں بھی نمایاں آسانی میسر آئی ہے۔
تاہم تشویش ناک امر یہ ہے کہ پل کا غیر محتاط اور غیر ذمہ دارانہ استعمال اس کی پائیداری اور عوامی تحفظ کیلئے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ 22 ویلر بھاری ٹرک اور لوڈر گاڑیاں سامان سمیت پل سے گزر رہی ہیں جس سے پل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ بعض افراد پل کے درمیان گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پل کے دونوں اطراف ریڑھیوں اور اسٹالز کے قیام سے بھی ٹریفک کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، جبکہ پل پر ون ویلنگ جیسے خطرناک کرتب قیمتی انسانی جانوںکیلئے سنگین خطرہ ہیں۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کی جائے، پل کے دونوں اطراف ٹریفک پولیس تعینات کی جائے۔
ضروری مقامات پر پولیس چوکیاں قائم کی جائیں اور تمام تجاوزات فوری طور پر ختم کرائی جائیں تاکہ پل کو محفوظ اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:6سال سے زیرالتواء سی ایم ایچ فلائی اوور 2ماہ میں مکمل ،وزیراعظم افتخار گیلانی نے تاریخ رقم کردی
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور نے کہا کہ انتظامیہ بھی اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور بہت جلد ضروری احکامات جاری کئےجائیں گے
تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ پل کو کسی ممکنہ بڑے حادثے سے محفوظ رکھا جا سکے۔درخواست کی ایک نقل ایس ایس پی میرپور کو بھی ارسال کی گئی۔
خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے ایس ایس پی میرپور سے ملاقات بھی کی جس میں ایس ایس پی نے معاملے پر فوری اقدامات اور ضروری احکامات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے عوام کو فائدہ پہنچے اور پل پر نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
خواجہ محمد آفاق ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ درخواست انہوں نے میرپور کے عوام کے مفاد اور مستقبل میں پیش آنے والے ممکنہ مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داری سمجھ کر دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہریام پل عوام کی امانت ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ غفلت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔



