کالعدم ایکشن کمیٹی کے پرامن احتجاج کی قلعی کھل گئی،شرپسندوں کیخلاف کارروائی ناگزیر ہے، طارق فاروق

پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل، سپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری طارق فاروق نے پلندری میں دورانِ ڈیوٹی فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں آزاد کشمیر پولیس کے نوجوان اہلکار محمد ارباب کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فرائض کی ادائیگی کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:پلندری واقعہ میں ملوث شرپسند وں کیخلاف کارروائی یقینی بنائی جائے، صدرنجیب خان

اختلافِ رائے اور احتجاج جمہوری معاشرے کا حصہ ہیں تاہم تشدد، فائرنگ اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ امن، رواداری اور قانون کی بالادستی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے واقعے میں ملوث شر پسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کا قیام اور قانون کی عملداری ہر صورت برقرار رہنی چاہیے۔

 احتجاج کے نام پر اسلحہ کے زور پر پرتشدد کاروائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے ۔

چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ چند روز پہلے رینجرز کے ایک ڈی ایس پی کی شہادت نے عوامی حقوق کے نام پر پرتشدد کارروائیاں کرنے والے کالعدم تنظیم کے عناصر کے پر امن احتجاج کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے نے شہید اہلکار کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

یہ بھی پڑھیں:پنجیڑا بازار میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی نقل و حرکت، ڈرون فوٹیج منظر عام پر آگئی

یاد رہے کہ  پلندری کے علاقے گلی جھنڈا بگلا بازار میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے فسادی جھتے کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا کانسٹیبل محمد ارباب شہید ہو گیا تھا جس کی نمازجنازہ پلندری میں ادا کی گئی۔

جھنڈا بگلا بازار میں فسادی جتھے کی فائرنگ سے دوپولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ، کانسٹیبل ارباب نے ہسپتال میں دم توڑا۔واقعہ کے بعد کالعدم ایکشن کمیٹی کے پرامن ہونے کا دعویٰ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے اور عوام کی جانب سے شرپسندوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔