جونا گڑھ کی ادھوری تاریخ پھر زیرِ بحث، صدر آزاد کشمیر سے نوابزادی کی اہم ملاقات

اسلام آباد ( کشمیر ڈیجٹیل )جونا گڑھ کی تاریخی حیثیت، پاکستان سے الحاق کا فیصلہ اور بھارتی قبضے کی داستان ایک بار پھر زیرِ بحث آگئی۔
 صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب خان نے جونا گڑھ کو مسلمانوں کی تہذیبی، علمی اور ثقافتی وراثت کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے نواب نے تقسیم ہند کے وقت پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا، تاہم کانگریس کی ریشہ دوانیوں اور بھارتی فوج کے جابرانہ قبضے نے اس تاریخی فیصلے کو عملی شکل اختیار نہیں کرنے دی۔

اسلام آباد میں صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب خان سے نواب بیگم آف جونا گڑھ اسٹیٹ نوابزادی عالیہ دلاور خانجی نے ملاقات کی، جس میں جونا گڑھ کی تاریخی حیثیت، تقسیم ہند کے دوران پاکستان سے الحاق کے فیصلے اور ریاست کے تہذیبی و ثقافتی ورثے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 صدر ریاست ڈاکٹر نجیب خان نے کہا کہ جونا گڑھ ایک تاریخی اور تہذیبی ورثے کی حامل ریاست تھی، جہاں نواب آف جونا گڑھ نے تقسیم ہند سے قبل مسلمانوں کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

صدر نے کہا کہ جونا گڑھ کے حکمران نے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تھا اور ریاست کو پاکستان کا حصہ بننا تھا، لیکن کانگریس کی ریشہ دوانیوں اور بھارتی فوج کے جابرانہ قبضے کے باعث جونا گڑھ اپنی علمی، ادبی اور ثقافتی روایات سے محروم ہوگیا۔

ملاقات کے دوران نوابزادی عالیہ دلاور خانجی نے صدر آزاد کشمیر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 صدر ریاست نے نوابزادی عالیہ دلاور خانجی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ملاقات میں جونا گڑھ کی تاریخی شناخت، اس کے ورثے اور تقسیم ہند سے جڑے اہم واقعات کی اہمیت اجاگر کی گئی۔