سیکرٹری برقیات آزاد کشمیرکی زیر صدارت کوٹلی میں محکمہ برقیات کا جائزہ اجلاس

کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)سیکرٹری برقیات آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد فرید کی زیر صدارت آج پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں محکمہ برقیات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔

 اجلاس میں ضلع بھر میں بجلی کی ترسیل و فراہمی کے نظام، عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے، محکمانہ کارکردگی میں مزید بہتری، بجلی کے انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور صارفین کو درپیش مسائل کے حل سمیت مختلف اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ،اسسٹنٹ کنزرویٹر فارسٹس بی پی ایس-17کی تقرری کے پراسس پر حکم امتناعی جاری

اجلاس میں متعلقہ افسران اور عملے کو عوامی سہولیات کی بہتری اور بجلی کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئےضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس میں چیف انجینئر ساوتھ محمد نذیر مغل نے محکمہ برقیات کی مجموعی کارکردگی، جاری آپریشنز، بجلی کی ترسیل کے نظام، فیلڈ میں درپیش مسائل اور محکمانہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بجلی کی فراہمی میں بہتری، نظام کی دیکھ بھال اور صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے جاری اقدامات سے سیکرٹری برقیات کو آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری برقیات چوہدری محمد فرید نے ہدایت کی کہ عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور بجلی کے نظام میں بہتری کیلئےعملی اقدامات تیز  کئےئیں۔

 انہوں نے خصوصی طور پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب رہائش پذیر عوام، طلبہ اور تاجر برادری کی ضروریات و مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی فراہمی میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے نظام کو مستحکم بنانے، فنی خرابیوں کے فوری ازالے اور صارفین کو درپیش مشکلات کم کرنے کیلئے ٹرانسفارمرز کی مرمت کی ورکشاپس میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ سولر توانائی کی سہولت کو فروغ دینے کے اقدامات بھی بجلی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور متبادل ذرائع سے توانائی کی فراہمی میں معاون ثابت ہوں گے۔

سیکرٹری برقیات نے عوام سے اپیل کی کہ بجلی کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کریں اور توانائی کی بچت کو اپنا قومی و اجتماعی فریضہ سمجھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں تاکہ بجلی کے وسائل کو دیگر ضروری مقاصد  کیلئے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔

 انہوں نے اس سلسلے میں محلہ کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے، عوامی شعور اجاگر کرنے اور محکمہ برقیات کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

چوہدری محمد فرید نے محکمہ کے افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے مؤثر نگرانی اور کارروائی یقینی بنائی جائے، جبکہ بجلی کے بلوں کے بقایاجات کی وصولی  کیلئے ریکوری مہم کو مزید تیز اور منظم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمانہ نظم و ضبط، ذمہ داری اور بہتر کارکردگی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی ، وزیر اعظم کی مبار کباد

اجلاس میں چیف انجینئر ساوتھ محمد نذیر مغل ،ڈی جی کمرشل محمد لقمان ،ڈائریکٹر عملدرآمد سردار مبشر سرفراز، ایس ای محمد حفیظ بٹ سمیت ایکسین صاحبان، ڈائریکٹر کمرشل طارق شریف ،ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل میرپور راجہ ریاض ،ڈپٹی ڈائریکٹر یعقوب چوہدری ،ایکسئین ابصار ملک ،ایکسئین ماجد ملک ،ایکسئین سید واجد شاہ ،ایکسئین افتخار اشرف ،ریونیو آفیسر کوٹلی عبدالر حمٰن ملک ،ایس ڈی اوز ،ریونیو عملے اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔

اختتام اجلاس پر بجلی کی فراہمی میں بہتری، انفراسٹرکچر کی مضبوطی، توانائی کی بچت، بجلی چوری کی روک تھام اور بقایاجات کی ریکوری کے حوالے سے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔