دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو شکست، پاکستان نے سیریز جیت لی ، وزیر اعظم کی مبار کباد

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میں سری لنکا کو شکست دے کر دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز 0-1سے اپنے نام کر لی۔

 دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کو کامیابی کیلئے صرف 90 رنز کا ہدف ملا۔

سری لنکا کی دوسری اننگز کا خاتمہ ہوتے ہی پاکستان کی جیت یقینی دکھائی دینے لگی ۔ قومی ٹیم کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان بیٹرزکو بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کا میران شاہ کا دورہ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم دہرا دیا

پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور عامر جمال نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رضا اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلمان علی آغا اور ثاقب خان نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل سری لنکا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے تھے تاہم چوتھے روز پہلے ہی سیشن میں مہمان ٹیم کی باقی ماندہ وکٹیں گر گئیں اور پوری ٹیم 316 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور محض 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے تھے، جس کی بدولت قومی ٹیم کو میچ میں اہم برتری حاصل ہوئی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سیریز  1-0سے جیت لی۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی اسٹیڈیم کے دروازے مفت کھل گئےشائقین کرکٹ  کیلئے بڑی خوشخبری

ٹیسٹ سیریز سے قبل کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی پاکستان نے  2-1ے اپنے نام کی تھی۔

وزیر اعظم کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، محنت اور ٹیم ورک کو سراہا۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے قوم کے لیے خوشی کا باعث بنی، ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ امید ہے کہ وہ یہ کارکردگی جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کو بھی اچھا کھیل پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، اس کے علاوہ انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی کی مینیجمنٹ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔