مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر نے اسسٹنٹ کنزرویٹر فارسٹس (بی پی ایس 17) کی آسامی پر تقرری کے عمل کو حتمی فیصلے تک روکنے کا حکم جاری کر دیا، جس کے بعد محکمہ جنگلات میں اس اہم سرکاری آسامی پر بھرتی کا عمل عدالتی فیصلے سے مشروط ہو گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس خالد یوسف چوہدری نے سید کمیل رضا کاظمی کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے پبلک سروس کمیشن (پی ایس سی) کے اشتہار نمبر 2/2026 کے تحت مشتہر کردہ اسسٹنٹ کنزرویٹر فارسٹس (بی پی ایس 17) کی آسامی پر تقرری کے عمل کے حوالے سے حکمِ امتناعی جاری کرتے ہوئے حتمی فیصلے تک موجودہ صورتحال برقرار رکھنے (سٹیٹس کو) کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ کا کوٹہ سسٹم پرفیصلہ اہمیت کا حامل ہے،محمود اخترقریشی ایڈووکیٹ
عدالتی حکم کے نتیجے میں مذکورہ آسامی پر تقرری کا عمل تاحکمِ ثانی آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ اس پیش رفت کے بعد اُمیدواروں کی نظریں اب سپریم کورٹ کی آئندہ سماعت اور مقدمے کے حتمی فیصلے پر مرکوز ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس کیس کی آئندہ سماعت دسمبر 2026 کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے، جہاں عدالت اپیل کے مزید قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ کا پبلک سروس کمیشن کو زیرالتوا بھرتیاں مکمل کرنے کا حکم
واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے جاری کردہ حکمِ امتناعی عبوری نوعیت کا ہے اور اس کا حتمی فیصلہ دسمبر 2026 کے دوسرے ہفتے میں سنایا جائے گا ۔




