راولاکوٹ میں 5ماہ سے ڈرامہ سجائے بیٹھے فسادی جتھے کی ایک اور سفاکیت بے نقاب ہو گئی ،معصوم بچوں کے خون کی ہولی کھیل کر الزام فورسز پر لگانے کی کوشش کی ناکام ہوگئی اور لیک آڈیو نے فسادی جتھے کو مزید بے نقاب کردیا۔
آزادکشمیر پولیس اور پی آئی ڈی کی جانب سے جاری ویڈیو کے مطابق راولاکوٹ میں پیش آنے والے حالیہ دلخراش واقعے میں فسادی جتھے کے مسلح کارندوں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر 2معصوم بچیاں جویریہ ثاقب اور عائشہ ثاقب شدید زخمی ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی سرگرمیاں تشویشناک ہیں، مجتبیٰ بٹ
بعد ازاں ہسپتال میں جویریہ ثاقب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔
حکام کے مطابق جب فسادی جتھے کو یہ احساس ہوا کہ ان کے اپنے مسلح کارکنوں کی فائرنگ سے یہ معصوم بچیاں نشانہ بنی ہیں اور وہ عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو رہے ہیں تو انہوں نے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایک خطرناک اور گھناؤنی چال چل رہے ہیں۔
شرپسند عناصر کی ایک مبینہ آڈیو لیک منظر عام پر آ چکی ہے جس میں وہ کھل کر آپس میں یہ اعتراف کر رہے ہیں کہ بچیوں پر فائرنگ ان کے اپنے حلقے میں ہوئی ہے اور اب اس کا ذمہ دار سکیورٹی فورسز کو ٹھہرانا ہے۔
سامنے آنے والی آڈیو میں یہ واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ فسادی جتھے کا ایک کارندہ اپنے ساتھی کو سختی سے ہدایت دے رہا ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرہ خاندان کے فرد ثاقب جو کہ بچیوں کا والد ہےکو سائیڈ پر لے جائے اور ایک منٹ کی جھوٹی ویڈیو ریکارڈ کروائے۔
آڈیو میں یہ مکروہ جملہ بھی صریحاً موجود ہے کہ ورثاء کی طرف سے بیان آئے گا تو بات بنے گی، ورنہ یہ سارا کام ہمارے کھاتے میں پڑ رہا ہے جو ان کے مجرمانہ اور سفاک ذہنیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
حکام کے مطابق شرپسند عناصر کے مابین گفتگو سے یہ بات بھی عیاں ہوئی کہ وہ خود اس بات سے شدید خوف زدہ ہیں کہ کہیں متاثرہ ورثاء اصلیت نہ کھول دیں، لہذا وہ جلدی سے جلدی اس واقعے کی حقیقت کو مسخ کرکے سکیورٹی اداروں کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی فنڈنگ ڈوب گئی،کشمیریوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی کو مسترد کردیا، پاکستان اور پاک فوج سے والہانہ محبت کا اظہار
اس پوری سازش کے تحت شرپسند کارندوں کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مسلسل ایسی جھوٹی ویڈیوز اور پوسٹس اپ لوڈ کی جا رہی ہیں جن کا مقصد صرف اور صرف ریاستی اداروں اور فورسز کو بدنام کرنا ہے۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ فسادی جتھے اپنے مذموم مقاصد اور ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کس حد تک گر سکتے ہیں، جو خود معصوم جانوں کو نقصان پہنچا کر اس کا الزام بھی فورسز کے سر تھوپنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔




