سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کےدوران 2 افغانوں سمیت 16دہشتگروں کو جہنم واصل کردیا جبکہ حوالدار سمیت2 جوان وطن پر قربان ہو گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے سلسلے میں خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی، دتہ خیل اور ان کے گردونواح میں ’فتنہ الخوارج‘ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ، کالعدم ایکشن کمیٹی کے دہشتگردوں کی فائرنگ،2بچیاں شدید زخمی
گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں، علی خیل کے مقام پر 12 خوارج (جن میں بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں) ہلاک کر دیے گئے۔
اس کے علاوہ میر علی اور دتہ خیل میں بھی 2، 2 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا، جس سے اس علاقے میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مادرِ وطن کے 2 بہادر سپوتوں—حوالدار عصمت علی (عمر 43 سال، رہائشی ضلع صوابی) اور نائیک آفتاب علی (عمر 32 سال، رہائشی ضلع مردان)نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے ان خوارج (جو بھارت کی ایما پر کام کر رہے تھے) کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ عناصر بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں:عوامی حلقوں کا کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ
ان علاقوں میں چھپے ہوئے باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے ’سینیٹائزیشن‘ (صفائی) آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔ ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔




