گورنمنٹ کالج اسکردو کے شعبۂ حیوانیات (Department of Zoology) کے زیرِ اہتمام زونوسس (Zoonosis) کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار کا بنیادی مقصد طلبہ کو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں، ان کے پھیلاؤ، اثرات اور بچاؤ کے طریقوں سے آگاہ کرنا تھا۔
سیمینار کا آغاز شعبۂ حیوانیات کے سربراہ پروفیسر حبیب الرحمٰن کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ انہوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور سیمینار کے انعقاد کے مقاصد بیان کیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر کنیز فاطمہ نے ون ہیلتھ (One Health) کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انسانوں، جانوروں اور ماحول کی صحت ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتی ہے
ان تینوں شعبوں کے درمیان مؤثر تعاون ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹیوٹا آزاد کشمیر:تکنیکی و پیشہ ورانہ کورسز میں داخلوں کی تاریخ میں توسیع
بعد ازاں ڈاکٹر وزیر محسن نے زونوسس کی مختلف اقسام، ان بیماریوں کے پھیلاؤ کے ذرائع اور ان سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے طلبہ کو جانوروں کے ساتھ احتیاط برتنے، ذاتی صفائی اور صحت کے اصولوں پر عمل کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر غلام رضا، ڈائریکٹر اکیڈمکس، یونیورسٹی آف بلتستان اسکردو نے سیمینار کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی علمی اور عملی تربیت کیلئے اس طرح کی سرگرمیاں نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی اور آگاہی پروگراموں کے انعقاد پر زور دیا۔
اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ کالج اسکردو، پروفیسر عسکری نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور سیمینار میں ان کی شرکت اور علمی خدمات کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر پروفیسر علی رضا، ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز نے اپنے جامع خطاب میں سیمینار کے اہم نکات بیان کیے اور اس طرح کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
سیمینار میں مجموعی طور پر 115 طلبہ و طالبات اور شرکاء نے شرکت کی، جن میں 30 طالبات گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج اسکردو سے شریک ہوئیں۔
اس موقع پر دونوں تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراکِ عمل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ مستقبل میں تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی سرگرمیوں کے لیے بوائز اور گرلز کالجز کے درمیان مؤثر تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ایسے مشترکہ پروگرام طلبہ و طالبات کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے، علمی تبادلے کو فروغ دینے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
آخر میں معزز مہمانوں اور شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔
سیمینار طلبہ و طالبات کیلئے مفید علمی اور آگاہی سرگرمی ثابت ہوگا جس کے ذریعے انہیں جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں سے آگاہی ملے گی۔
طلباء وطالبات کو ون ہیلتھ کے تصور اور ان بیماریوں سے بچاؤ کے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئیں۔
اس کامیاب سرگرمی نے مستقبل میں تعلیمی اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ تعلیمی پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔




