بنگلا دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے لیے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کے حصول کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بنگلا دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے پیر کو بھارت میں جلاوطنی کے دوران اپنے ملک واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلا دیش، عوامی لیگ کو ایک اور جھٹکا، سینئر رہنما، سابق وزیر کو سزائے موت،3 کو عمر قید
شیخ حسینہ کی جانب سے 2024 میں بنگلا دیش چھوڑنے کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا باضابطہ رابطہ تھا۔
بنگلا دیشی حکومت نے شیخ حسینہ واجد کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کسی دہشتگرد کو پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ حسینہ کو مفرور مجرم قرار دیا اور کہا کہ بھارت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان حوالگی کا باقاعدہ معاہدہ موجود ہے، اس لیے ڈھاکا چاہتا ہے کہ انہیں بنگلا دیش کے حوالے کیا جائے۔
انہوں نےاستفسار کیا کہ کیا ہم انہیں ایک عام سیاح کی طرح سمجھیں کہ وہ آئیں اور اپنے سسرالی رشتہ داروں کے گھر قیام کریں۔؟
واضح رہے کہ شیخ حسینہ نے دو سال سے زائد عرصے بعد بنگلا دیش واپسی کا ارادہ ظاہر کیا۔جبکہ حکومت کی جانب سے ان کی جماعت عوام لیگ پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
معزول وزیراعظم کا رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ عدالت میں پیش ہو کر خود کو قانون کے حوالے کرنے کے لیے بنگلا دیش جانا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی تاہم شیخ حسینہ جلاوطنی کے دوران اپنے خلاف الزامات مسترد کرتی رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شیخ حسینہ کی حوالگی تک وزیر اعظم بھارت کا دورہ نہیں کرینگے، بنگلادیش کا دوٹوک اعلان
یہ بھی یاد رہے کہ لندن میں قائم قانونی ادارے میٹرکس چیمبرز سے تعلق رکھنے والے شیخ حسینہ کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلا دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کو خط لکھ کر نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست کی تھی۔
شیخ حسینہ مختلف ادوار میں مجموعی طور پر 20 سال تک بنگلا دیش کی وزیراعظم رہ چکی ہیں ۔




