ٹیسٹ ٹیم میں نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا کمبی نیشن ہوگا، کپتان بابر اعظم

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اترے گی، نوجوان کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر آرہے ہیں اور اچھی فارم میں ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ ٹیسٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو کیوں شامل کیا گیا ہے تاہم انگلینڈ میں ہی فیصلہ کرلیا گیا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ضرور کھیلنے کیلئے موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں آنے والی تبدیلی سب کے سامنے ہے، ٹیم میں  7 سے 8کھلاڑی نوجوان ہیں جو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر آرہے ہیں اور فارم میں بھی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قائد اعظم ٹرافی: بابر اعظم آؤٹ ہونے پر آپے سے باہر ہوگئے، ویڈیو وائرل

کوشش ہوگی کہ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے کمبی نیشن کے ساتھ بہتر نتائج حاصل  کئے جائیں۔

اپنی کارکردگی میں بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود ہے، بابر اعظم
قومی ٹیسٹ کپتان نے اپنی کارکردگی سے متعلق کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی پرفیکٹ نہیں ہوتا اور بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے۔ وہ اپنی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ جتنا زیادہ کھیلیں گے، اتنا ہی بہتری کی طرف جائیں گے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ہر روز کارکردگی ایک جیسی نہیں ہوتی، کبھی پرفارمنس اچھی ہوتی ہے اور کبھی توقعات کے مطابق نہیں ہوتی  تاہم ہر روز ایک جیسی غلطیاں بھی نہیں ہوتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ضرورت محسوس ہوتی ہے وہاں سلیکٹرز کے سامنے اپنی رائے ضرور رکھتے ہیں۔ ان  کیلئے ہر سیریز اہم ہوتی ہے اور وہ ہر میچ میں ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:7 برس بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بابر اعظم کی واپسی، پہلے میچ میں ناقص کارکردگی پر شائقین مایوس

بابر اعظم نے کہا کہ بطور سینئر کھلاڑی ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں اور انہیں معلوم ہے کہ شائقین کرکٹ ان کی پرفارمنس کے منتظر ہیں۔

محمد یوسف سے سیکھنے کا موقع ملا تو ضرور فائدہ اٹھاؤں گا
محمد یوسف سے رابطے کے حوالے سے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ محمد یوسف ایک لیجنڈ اور پاکستان کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ہیں۔ ان کا تاحال محمد یوسف سے رابطہ نہیں ہوا، تاہم جب وہ رابطہ کریں گے تو ان سے ضرور سیکھنے کی کوشش کریں گے۔