وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے بننے یا نہ بننے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی وہ فورم ہے جہاں فیصلہ ہوگا کہ ریفرنڈم ہونا چاہیے یا نہیں اور اگر ریفرنڈم ہوتا ہے تو اس میں سوال کیا رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر قانون سازی ابھی کرلی جائے اور اس پر عمل درآمد اگلے انتخابات کے بعد ہو تو یہ کس حد تک قابل عمل ہوگا، اس معاملے پر پارلیمنٹ میں فیصلہ ہونا چاہیے۔
26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم سے متعلق گفتگو
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر ڈیڑھ ماہ تک سیاسی جماعتیں مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کرتی رہیں اور ترمیم کی ایک ایک شق پر تفصیلی بحث کے بعد اتفاق رائے پیدا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم میں آئینی عدالت کا قیام دراصل 26ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مطلوبہ تعداد پوری ہونے کے بعد ہی کوئی آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔ 28ویں ترمیم کے حوالے سے ابھی حکومت نے کوئی تیاری نہیں کی۔
اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ضروری ہے
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل کیے گئے، تاہم صوبوں نے یہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کے ۔
ا ن کا کہنا ہے کہ اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے جس سے چھوٹے انتظامی یونٹس یا مؤثر بلدیاتی نظام کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایمرجنسی واپسی کی شرط پر اپوزیشن سے مذاکرات نہیں ہونگے،رانا ثناءاللہ
این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر صوبائی مالیاتی کمیشن (پی ایف سی) ہونا چاہیے تاکہ فنڈز براہ راست یونین کونسلز تک پہنچیں اور مقامی ادارے بااختیار ہوسکیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب تک بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ حاصل نہیں ہوگا، وہ مضبوط کیسے ہوسکتے ہیں؟
ملک کو درپیش اصل مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے کا سامنا ہے، مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر نصب جنریٹر نہیں۔ ملک کو درپیش اصل مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی رائے سے اختلاف ہوسکتا ہے، تاہم ان سے بات چیت اور مکالمے کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔ اگر رہائش گاہ کے باہر نصب سکیورٹی کیبن یا جنریٹر لوگوں کی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہے تھے تو مولانا سے انہیں ہٹانے کی درخواست کی جاسکتی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ متعدد بار مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ جاچکے ہیں، وزیراعظم اور محسن نقوی بھی وہاں جاتے رہے ہیں، تاہم انہیں کبھی ان چیزوں سے کوئی رکاوٹ محسوس نہیں ہوئی۔ وہ دوبارہ جاکر جائزہ لیں گے کہ آیا یہ واقعی آمدورفت میں رکاوٹ ہیں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم یا کسی دوسرے رکن نے مولانا فضل الرحمان کو جاری کئے گئے نوٹسز کا معاملہ نہیں اٹھایا تھا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اختلاف رائے کے باوجود ایک دوسرے کا احترام ضروری ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے بھی گزارش ہے کہ وہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو رکھیں، کیونکہ جس انداز میں وہ چیلنج کرتے اور تو تکار سے بات کرتے ہیں، وہ بھی مناسب نہیں۔ اس معاملے میں وزیراعظم کی سطح پر مداخلت اور دونوں جانب سے احترام کا مظاہرہ ضروری ہے۔
پی ٹی آئی ملاقاتوں کا غلط استعمال بند کرے
بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی ملاقاتوں کا غلط استعمال روک دے تو ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بھی یہی مسئلہ سامنے آیا اور ملاقات کے حوالے سے مختلف باتیں کی گئیں۔ بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر میں اضافے سے متعلق بات درست نہیں، انہیں بلڈ پریشر بڑھنے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جارہی اور ڈاکٹرز جو بھی تجویز کریں گے، اس پر فوری عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں کوئی غفلت نہیں کی گئی۔




