انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم مقابلے میں پاکستانی شاہینوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کی پوری ٹیم کو 208 رنز پر آؤٹ کردیا۔
بھارتی ٹیم 46.3 اوورز میں پویلین لوٹ گئی، پاکستان کو کامیابی کے لیے 209 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔
عمان کے شہر المارات میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے بھارتی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا اور پہلے ہی اوور میں بھارتی کپتان لکشیہ رائے چندانی کو صفر پر آؤٹ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: دھوکے سے کھلاڑی کو آؤٹ کرانے والے کرکٹر پر 2سال پابندی عائد
بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے مزاحمت کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ آریاویر سہواگ نے 22، کاویا پریش پٹیل نے 23، منال چوہان نے 11 اور انوے ڈریوڈ نے 10 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد سمیع نے ایک وکٹ حاصل کی۔
علی رضا نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، رضوان اللہ نے 7 اوورز میں 24 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ نقاب شفیق نے 10 اوورز میں 42 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سمیع نے 8.3 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز مکمل ہونے سے پہلے ہی 46.3 اوورز میں 208 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی ٹیم
پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت عثمان خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حیات خان، عبدالقادر، جہانگیر بلال، فرحان یوسف، احمد حسین، حمزہ ظہور، حسنین عباس ڈار، حذیفہ احسن، محمد صیام اور عبدالصبحان شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ، علی رضا، نقاب شفیق اور محمد حذیفہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
بھارت کی ٹیم
بھارتی انڈر 19 ٹیم کی قیادت لکشیا رائے چندانی کر رہے ہیں، بھارتی ٹیم میں یش بردھن چوہان، وی کے وینیتھ، کُشاگر اوجھا، ارجن راجپوت، منال چوہان، راجت باگھیل، انوے ڈریوڈ، یش ویر گوڑ، آریان ساوسانی اور کاویا پریش پٹیل شامل ہیں۔
بھارتی اسکواڈ میں موہت اولوا، چگروپتی وینکٹا، ایشان سود اور آریاویر سہواگ بھی موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انڈر19 ایشیا کپ،پاکستان کا فاتحانہ آغاز، یواے ای کو شکست دیدی




