اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت گالف کے کھیل کو اسلام آباد سے بڑھا کر ملک گیر سطح پر پھیلانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد کے مارگلہ گرینز گالف کلب میں منعقدہ ’موون پک گالف کپ‘ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ گالف کا شمار دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں ہوتا ہے اور پاکستان میں یہ کھیل مزید توجہ کا مستحق ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تھائی لینڈ،باکسنگ کا عالمی ٹائٹل پاکستانی خاتون باکسر عابدہ بتول نے جیت لیا
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت گالف کو عام فہم، قابلِ رسائی بنانے اور ملک بھر میں عام عوام و نوجوانوں کی شرکت کو فروغ دینے کے لیے عملی و بنیادی اقدامات اٹھانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
سردار یاسر الیاس خان نے تقریب کے دوران اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’موون پک گالف کپ‘ کا انعقاد اب سے ہر سال باقاعدگی کے ساتھ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نہ صرف سراہا جائے گا بلکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی تاکہ ملک میں ایک صحت مند اور مسابقتی کھیل کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے اور بین الاقوامی سطح کے گالفرز تیار کیے جا سکیں۔
اس باوقار ایونٹ میں نامور گالفرز کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے سفارتی عملے (ڈپلومیٹک کور) کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس ٹورنامنٹ نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ گالف کے ذریعے پاکستان کے بین الاقوامی سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط اور استوار کرنے کے لیے ایک بہترین اور موثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔
ایونٹ میں موون پک کے جنرل مینیجر (جی ایم) نکولس ورڈن نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور گالف کے فروغ اور پاکستان میں بین الاقوامی مشغولیت کو بڑھانے میں اس قسم کے کھیلوں کے مقابلوں کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔
اس تقریب میں ونگ کمانڈر کھوکھر، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور عالمی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی سمیت دیگر اہم اور نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی اور اقدامات کو سراہا۔
ٹورنامنٹ میں مختلف کیٹیگریز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے۔ سفارتی (ڈپلومیٹک) گروس کیٹیگری میں ’ترانگ تھانگ‘ نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ کرنل نورے پین عثمان دوسرے اور ایرک تیسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم اب بھی پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں، محمد یوسف
سفارتی نیٹ کیٹیگری میں ’شوشی‘ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، مجموعی گروس کیٹیگری میں کمانڈر رضوان رشید نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کیپٹن عالم دوسرے اور ضیاء خان تیسرے نمبر پر رہے۔
اسی طرح اوور آل نیٹ کیٹیگری میں ندیم عباسی نے پہلی پوزیشن کا ٹائٹل جیتاجبکہ ڈاکٹر عامر خواجہ نے دوسری اور تیمور حسن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔




