اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)حکومت نے آئندہ انتخابات کو شفاف وقابل اعتماد بنانے کیلئےا نتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینے اور پارلیمانی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنےکی کوششیں تیز کر دیں۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے باضابطہ طور پر مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت کالعدم ایکشن کمیٹی کی ناکہ بندی ختم، بلاامتیاز کارروائی کرے، عوامی حلقوں کا مطالبہ
حکومتی منصوبے کے تحت انتخابی نظام سے متعلق اہم تجاویز پر تمام سیاسی قوتوں کی رائے حاصل کی جائے گی تاکہ مستقبل کے انتخابات کو زیادہ شفاف اور قابلِ قبول بنایا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کیلئے 20 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پر کام جاری ہے، جس میں اپوزیشن کو بھی پانچ نشستیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے ان کے نامزد نمائندوں کے نام طلب کیے جائیں تاکہ کمیٹی کی تشکیل کا عمل آگے بڑھایا جاسکے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق اپوزیشن قیادت سے رابطے کیلئے باضابطہ خط ارسال کریں گے۔
خط میں اپوزیشن سے درخواست کی جائے گی کہ وہ انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی میں شرکت کیلئےاپنے پانچ نمائندوں کے نام فراہم کرے۔
ادھر انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا معاملہ سینیٹ میں بھی اٹھایا گیا ہے جہاں بیرسٹر عقیل ملک نے اس حوالے سے قرارداد پیش کردی ہے۔
حکومتی اقدام کو آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی نظام میں اصلاحات اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر کےسیکرٹریز حکومت اجلاس میں اہم فیصلے
تاہم اس عمل کی کامیابی کا انحصار اپوزیشن کے ردعمل اور مجوزہ اصلاحات پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پر ہوگا۔




